شادی کریں زمین سے ایک لاکھ فُٹ بلندی پر اُڑتے کیپسول میں
اب کوئی بھی جوڑا فی فرد ایک کروڑ روپے میں خلا میں شادی کر سکے گا (فائل فوٹو: نارتھ روپ اینڈ جانسن)
ڈیسٹنیشن ویڈنگ یعنی گھر کے بجائے کسی دوسرے شہر یا ملک میں شادی کرنے کا رواج دنیا میں عام ہوگیا ہے۔
اپنے جیون ساتھی کے ساتھ حسین مقامات پر شادی کے بندھن میں بندھ کر خوب صورت تصاویر بنانا اور اُن یادگار لمحات کو کیمرے میں قید کرنا ایک عام سی بات ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس سے نہ صرف انسٹاگرام کے لیے بہترین تصاویر بنائی جاتی ہیں بلکہ فیملی کے ساتھ خوب انجوائے بھی کیا جاتا ہے۔
تاہم اب ایک کمپنی نے نیا قدم اُٹھایا ہے جس سے کوئی بھی جوڑا فی فرد ایک کروڑ روپے میں خلا میں شادی کر سکے گا۔
سپیس پرسپیکٹیو نامی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جوڑوں کو کاربن نیٹورل غبارے میں بیٹھ کر خلا میں شادی کرنے کا موقعہ دے گی اور اس کے ساتھ وہ زمین کا بہترین اور بڑا نظارہ بھی دیکھ سکیں گے۔
چھ گھنٹوں پر مشتمل یہ سپیس شپ نیپ چیون فلائٹ سے شاندار توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں کیونکہ یہ مہمانوں کو زمین سے ایک لاکھ فُٹ اوپر لے کر جائے گا اور واپس لے کر آئے گا۔
اسے 2024 میں لانچ کیے جانے کا امکان ہے جبکہ پہلے سے ہی اس کے لیے ایک ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق لوگ فلائٹ کے دوران ایک دوسرے سے محظوظ بھی ہو سکیں گے۔ وہ دوران سفر کوک ٹیل پی سکتے ہیں، ساتھی مسافروں سے بات چیت کر سکتے ہیں اور اوپر جاتے وقت گانوں کی بہترین پلے لسٹ بھی منتخب کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ ’قدرتی طور پر ہمارے کیپسول میں ہر سہولت سے بھرپور آرام دہ کمرہ موجود ہے جہاں سے شاندار نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔‘
’سپیس لاؤمج سے مسافر حیران رہ جائیں گے۔ تیز سپیڈ کے وائی فائی کنکشن آپ کی فیملی اور دوستوں کو سفر کے لیے واپس زمین پر لائیں گے۔‘
سپیس پرسپیکٹیو کے شریک بانی جین پوئنٹر کہتی ہیں کہ ستاروں میں شادی کرنے کا انتظار ابھی برسوں دُور ہے۔ ہمارے پاس پہلے سے ہی ایسے افراد آچکے ہیں جو اپنی پہلی شادی خلا میں کرنا چاہتے ہیں، ہم دیکھیں گے کہ پہلا جوڑا کون سا ہوگا۔‘
اس کیپسول میں آٹھ سواریاں اور ایک پائلٹ آرام دہ اور پرسکون کرسیوں پر بیٹھ سکتے ہیں لیکن اس میں درخواست کرنے پر مزید تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔
جین پوئنٹر کا کہنا ہے کہ کیپسول میں ایک ڈائننگ ٹیبل اور ویڈنگ آلٹار بھی لگایا جا سکتا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق ’فلائٹ میں مینیو اور کاک ٹیل، موسیقی اور لائٹننگ کے ساتھ آپ کے ذاتی تجربات کو بھی مدںظر رکھا جا سکتا ہے۔
جو سواریاں پورا کیپسول بُک کریں گی ان کے لیے سپیس لاؤںج کی سیٹوں میں تبدیلیوں سمیت میزبانی کے نئے آپشنز شامل کیے جا سکیں گے جیسے منفرد ڈائننگ سروس کے لیے ٹیبل وغیرہ۔‘