ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کانفرنس کے شرکا کو خوش آمدید کہا (فوٹو: ٹوئٹر)
جدہ میں 32 ویں عرب سربراہ کانفرنس کا آغاز جمعہ 19 مئی کو کیا گیا۔ کانفرنس میں عرب قائدین کے ساتھ مہمان خصوصی کے طور پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی شریک ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق عرب سربراہ کانفرنس طویل تعطل کے بعد جمعے کو شروع ہوئی۔ قبل ازیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کانفرنس ہال میں قائدین کو خوش آمدید کہا۔
کانفرنس کا آغاز الجزائر کے وزیراعظم ایمن بن عبدالرحمان نے سربراہی اجلاس کے سابق صدر کی حیثیت سے افتتاحی کلمات میں یوکرین جنگ، خوراک کے تحفظ اور مسئلہ فلسطین کا ذکر کیا۔
انہوں نے شام کی عرب لیگ میں واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس سلسلے میں سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔ بعدازاں اجلاس کی سربراہی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سپرد کر دی گئی۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کا خیرمقدم کیا۔ ولی عہد نے اس موقع پر یوکرینی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں اجلاس میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی ہماری کوششیں کامیاب ہوں گی۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے خطاب میں ولی عہد اور کانفرنس کے سربراہ شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہو ں نے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے سعودی عرب کی ثالثی کو سراہا اور یوکرین میں عربوں کی جانب سے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔