Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی، آٹھ پاکستانی عمرہ زائرین ہلاک، چار کی شناخت

مرنے والوں میں دو کا تعلق وہاڑی جبکہ دو کا قصور سے ہے ( فائل فوٹو: محکمہ شہری دفاع ٹوئٹر)
 سعودی عرب میں مکہ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں آٹھ پاکستانی عمرہ زائرین ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پاکستان قونصلیٹ جدہ میں قونصل ویلفیئر شیراز علی خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’مکہ میں ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔‘
 قونصل ویلفیئر کے مطابق ’ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ آگ ہوٹل کی تیسری منزل پر شارٹ سرکٹ سے ایک کمرے میں لگی جس نے دیگر کمروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے چار کمروں کو نقصان پہنچا۔‘
مرنے والے پاکستانیوں میں چار کی شناخت ہوگئی جن میں دو کا تعلق وہاڑی جبکہ دو کا قصور سے ہے۔ دیگر چار افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔ 
شیراز علی خان نے بتایا کہ ’جھلسنے کے باعث مرنے والوں کی نعشوں کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے تاہم شناخت کا عمل جاری ہے۔‘
’سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ’ممکن ہے نعشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ سے مدد لی جائے۔‘
قونصل ویلفیئر نے مزید کہا کہ ’مرنے والوں کی نعشیں ہسپتال کے سردخانے میں رکھی گئی ہیں۔ ورثا سے رابطہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد میتیں پاکستان بھجوانے یا مکہ میں تدفین کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔‘
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ’مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہے۔ مرنے والوں کی تعداد زیادہ ہونے کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں درست نہیں۔‘
قبل ازیں ہلاکتوں کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتاہا تھا کہ ’مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 8 ہلاکتوں اور 6 پاکستانیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’جدہ میں پاکستانی مشن مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی مدد کی جا سکے۔‘

شیئر: