Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الدرعیہ بینالے فاؤنڈیشن کی سی ای او، آیہ البکری

فنون لطیفہ کے شعبے میں ایک دہائی سے زیادہ کا تجربہ حاصل کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
آیہ البکری الدرعیہ بینالے فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو افسر ہیں، سعودی عرب کی اس غیر منافع بخش ثقافتی تنظیم  کی سربراہی شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کرتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس ثقافتی تنظیم کو سعودی عرب میں دو عالمی معیار کے عصری اور اسلامی فنون  سے متعلق پروگرام کے انعقاد کے بارے میں کہا گیا ہے۔

امریکی یونیورسٹی آف پیرس سے انٹرنیشنل کمیونیکیشن کی ڈگری حاصل کی۔ فوٹو انسٹاگرام

الدرعیہ فاؤنڈیشن کی حکمت عملی میں سعودی عرب اور بین الاقوامی ثقافتی پروگراموں کو فروغ دینا شامل ہے۔
اس کا مقصد فنکارانہ صلاحیتوں کو ابھارنے اور مختلف پس منظر رکھنے والے ہرعمر کے شرکاء کے لیے تربیتی پروگرام فراہم کرنا ہے۔
فاؤنڈیشن کی سی ای او آیہ البکری کی نگرانی میں عوامی مقامات کو ثقافتی مقامات میں بدل کر فنون لطیفہ سے متعلق الدرعیہ اور جدہ میں بینالے ایڈیشن منعقد کیا گیا ہے۔
ریاض کے قریب الدرعیہ میں جیکس ڈسٹرکٹ اور جدہ میں ائیرپورٹ کے حج ٹرمینل کے مقام پر فنون لطیفہ سے جڑے ہوئے مقامی اور بین الاقوامی آرٹسٹوں کے ثقافتی کاموں کی نمائش کی گئی ہے۔

جدہ ائیرپورٹ پر فنون لطیفہ اور ثقافتی کاموں کی نمائش کی گئی ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

جدہ کے حج ٹرمینل پر منعقد کئے گئے ثقافتی پروگرام میں اسلامی آرٹس بینالے عالمی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ہے جس میں جدید اور قدیم اسلامی آرٹس سے متعلق بے مثال نمونے رکھے گئے ہیں۔
آیہ البکری نے بینالے فاؤنڈیشن میں بطور سی ای او تقرری سے قبل 2011 میں امریکی یونیورسٹی آف پیرس سے انٹرنیشنل کمیونیکیشن کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد انہوں نے ایک سال کا ایکسچینج پروگرام بھی مکمل کیا۔
گریجویشن مکمل کرنے کے بعد آیہ البکری نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی آرٹ گیلری سے کیا جہاں انہوں نے خود کو بین الاقوامی جدید آرٹ کی دنیا میں روشناس کرایا اور تجارتی اور کاروباری پہلوؤں پر جانکاری حاصل کی۔

الدرعیہ فاؤنڈیشن کا مقصد ثقافتی پروگراموں کو فروغ دینا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

سعودی عرب واپس آنے کے بعد انہوں نے مشرق وسطیٰ میں کام کرنے والی ثقافتی تنظیم کے ساتھ مل کر مملکت کی معروف آرٹ گیلریوں اور ثقافتی اداروں کے تعاون سے آرٹ کے شعبے میں مزید پیشہ ورانہ تجربات حاصل کئے۔
انہوں نے فنون لطیفہ کے شعبے میں ایک دہائی سے زیادہ کا تجربہ حاصل کر لیا ہے۔
آیہ البکری بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر مقامی فنکاروں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور مقامی فنکاروں کے آرٹ گیلریوں کے ساتھ تعاون کے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔

شیئر: