ادارہ حرمین کا حج سیزن میں عازمین کے استقبال کے لیے بڑا آپریشنل پلان
ادارہ حرمین کا حج سیزن میں عازمین کے استقبال کے لیے بڑا آپریشنل پلان
جمعرات 1 جون 2023 18:24
عازمین حج میں یومیہ 20 لاکھ سے زائد آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کی جائیں گی(فوٹو، ٹوئٹر)
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حج سیزن میں عازمین کے استقبال کا سب سے بڑا آپریشنل پلان جاری کردیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ اس سال حج سیزن کا آپریشنل پلان انتظامیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہے۔ کورونا وبا ختم ہونے کے بعد معمول کے مطابق حج ہوگا۔
ڈاکٹر السدیس نے آپریشنل پلان کا اعلان خصوصی تقریب میں کیا۔ اس موقع پر سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور سعودی ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر السدیس نے مزید کہا کہ اس سال حج سیزن میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین کے لیے 185 پروگرام تیار کیے گئے ہیں۔ انہیں نافذ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت ، ڈیجیٹل سسٹم اور مختلف شعبوں میں الیکٹرانک نظام سے کام لیا جائے گا۔
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ حاجی اور زائر کی خدمت ہمارے لیے باعث اعزاز کے عنوان سے سپیشل مہم بھی چلائی جائے گی۔
ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ حرمین شریفین انتظامیہ اس سال 14 ہزار تربیت یافتہ اہلکاروں کی خدمات حاصل کرے گی۔ اتنی بڑی تعداد تاریخ میں پہلی بار تعینات کی گئی ہے۔
ایسے مقامات جہاں زائرین بڑی تعداد میں ہوں گے وہاں کارکن زیادہ تعداد میں مقرر کیے جائیں گے۔ مطاف، سعودی دالان، صفا اور مروہ کا درمیانی حصہ، اندرونی و بیرونی صحنوں میں ہر جگہ کارکن خدمت کے لیے موجود ہوں گے۔
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 8 ہزار سے زیادہ رضاکار حج زائرین کی خدمت کریں گے۔ مختلف قسم کے دس کام انجام دیں گے۔
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ وہیل چیئر سروس کو زیادہ بہتر بنایا گیا ہے۔ وہیل چیئرز کی تعداد نو ہزار کردی گئی ہے جو چوبیس گھنٹے مہیا ہوں گی۔ تنقل ایپ کے ذریعے حرم شریف آنے سے قبل وہیل چیئر بک بھی کرائی جاسکے گی۔
حرمین میں قرآن پاک کے تین لاکھ نسخے فراہم کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں قرآن کریم کی تعلیم اور حفظ کی سہولت کی خاطر ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
ممتاز علماحرمین شریفین میں دینی، علمی و آگہی خطبات دیں گے۔ تقاریر کی مجلسوں کا سلسلہ ہمہ وقت مہیا ہوگا۔ منارات الحرمین پلیٹ فارم پر تقاریر، خطبات اور اسباق چوبیس گھنٹے پیش کیے جائیں گے۔
علما 300 گھنٹے اس مقصد کے لیے صرف کریں گے۔ دس بین الاقوامی زبانوں میں ایک ہزار سے زیادہ گھنٹے کی نشریات پیش کی جائے گی۔
ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ 51 زبانوں میں ترجمے اور رہنمائی کی سہولت فراہم ہوگی۔ مطاف، رواق السعودی اور مسجد الحرام میں شاہ فہد کی توسیع والی عمارت میں 49 مقامات پرسوال وجواب کا انتظام ہوگا۔
ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں چالیس ملین لٹر آب زمزم مہیا ہوگا۔ 30 ہزار سے زیادہ پوائنٹس پر آب زمزم فراہم کیا جائے گا۔
آب زمزم کی 20لاکھ سے زیادہ بوتلیں روزانہ تقسیم ہوں گی۔ عرفات، مزدلفہ اور منی میں آب زمزم گاڑیوں کے ذریعے بھی تقسیم کیا جائے گا۔
ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ انتطامیہ نے اس سال 14 سے زیادہ ڈیجیٹل سروسز کا بندوبست کیا ہے ان میں ’تنقل، لوامع الاذکار، المصحف الشریف ایپ اور سمارٹ روبوٹس قابل ذکر ہیں۔
مختلف ذرائع ابلاغ کے ساتھ رابطوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ ریڈیو اور ٹی وی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔امید کرتے ہیں کہ ان تمام کاوشوں سے حج زائرین پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حج آپریشن پلان وزارت حج کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے جاری کیا گیا ہے۔