سعودی عرب میں غیر ملکیوں کی تعداد کتنی، ترسیل زر میں کمی سمیت مملکت میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کی تعداد کتنی، ترسیل زر میں کمی سمیت مملکت میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
اتوار 4 جون 2023 0:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے مملکت میں غیر ملکیوں کی تعداد، ٹریفک خلاف ورزیوں کی خود کار نگرانی، ترسیلات زر میں کمی، عازمین حج کے استقبال کے لیے قہوہ اور آبِ زم زم کا استعمال اور ابشر پلیٹ فارم پر دی جانے والی سہولتوں سے متعلق خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
سعودی عرب میں کن ممالک کے شہری سب سے زیادہ ہیں؟
سعودی محکمہ شماریات نے 2022 کے دوران ہونے والی مردم شماری میں ان چھ ممالک کی فہرست بھی جاری کی ہے جہاں کے شہری سب سے زیادہ ہیں۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شماریات نے بتایا ہے کہ مملکت میں مقیم غیرملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد بنگلہ دیشی شہریوں کی ہے جن کا تناسب 15.8 فیصد ہے۔
سعودی عرب میں سات ٹریفک خلاف ورزیوں کی خود کار نگرانی
سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے اتوار عوامی سلامتی پر اثر انداز ہونے والی سات ٹریفک خلاف ورزیوں کی خود کار نگرانی کے نظام کا افتتاح کیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ان خلاف ورزیوں میں ’سڑک کے کنارے، فٹ پاتھ یا ممنوعہ ٹریک پر ڈرائیونگ، رات کے وقت ہیڈ لائٹس آن نہ رکھنے یا خراب موسم میں ہیڈ لائٹس نہ جلانے، ٹرکوں اور ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی جانب سے دائیں ٹریک کی پابندی نہ کرنا شامل ہیں۔
عازمین حج کی خدمت پرمامور کمپنی ’الطوافہ‘ کی جانب سے مکہ مکرمہ آنے والے عازمین کا استقبال آب زمزم، سعودی قہوے اور کھجوروں سے کیا جارہا ہے۔
الاخباریہ کے مطابق سعودی وزارت حج کی جانب سے حجاج کی خدمت کے لیے مقرر کی جانے والی کمپنی کو ’الطوافہ‘کا نام دیا گیا ہے جبکہ ماضی میں ان اداروں کو ’معلمین‘ کہا جاتا تھا۔
جنوبی ایشیا کے حجاج کی خدمت پر مامور کمپنی کے 33 ویں سروس سینٹر کے سربراہ محمود عبدالقادر مسکی نے بتایا کہ طوافہ کمپنیاں عازمین حج کو سعودی عرب پہنچنے سے لے کر وطن روانگی تک بہترین خدمات فراہم کرنے پر مامور ہیں۔