غیر ملکی کارکن اپنے ’ابشر‘ سے فائنل ایگزٹ کینسل کرا سکتے ہیں؟
غیر ملکی کارکن اپنے ’ابشر‘ سے فائنل ایگزٹ کینسل کرا سکتے ہیں؟
اتوار 11 جون 2023 0:03
مملکت میں غیر ملکی کارکنوں کو رہائشی پرمٹ اقامہ جاری کیاجاتا ہے(فوٹو: ٹوئٹر جوازات)
سعودی عرب میں اقامہ ہولڈرغیر ملکی کارکنوں کو مملکت سے مستقل طور پرروانہ ہونے کےلیے فائنل ایگزٹ ویزا درکار ہوتا ہے۔ فائنل ایگز ٹ ویزے کی کوئی فیس نہیں ہوتی۔
خروج نہائی ویزا جاری کرانے اسپانسر کی ذمہ داری ہوتی ہے تاہم اسپانسر کی یہ ذمہ داری بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنے کارکن جس کا فائنل ایگزٹ لگایا گیا ہے اس کی واپسی کو یقینی بنائے۔
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا’ کارکن خروج نہائی ویزے کو اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے کینسل کرنے کا مجاز ہے؟‘۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج نہائی ویزے کو کینسل کرنا کا اختیار کارکن کے اسپانسرکو ہی ہے۔ اسپانسر اپنے ابشراکاونٹ سے فائنل ایگزٹ ویزے کوکینسل کرنے کا مجاز نہیں‘۔
واضح رہے جوازات کے قانون کے مطابق غیر ملکی کارکنان کے اقامہ اور دیگر قانونی معاملات کی انجام دہی کی ذمہ داری کارکن کے کفیل یعنی اسپانسر کی ہوتی ہے وہ اپنے ابشر یا مقیم اکاونٹ کے ذریعے کارکن کے خروج نہائی ویزے کومنسوخ کرنے کا مجاز ہے۔
مملکت میں رہنے والے ایسے غیر ملکی کارکن جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں وہ اپنے اہل خانہ کے اقاموں اور خروج عودہ یا خروج نہائی کے اجرا یا کینسلیشن کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔
غیر ملکی سربراہ خانہ اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے اپنی اہلیہ یا بچوں کے اقاموں کی تجدید یا خروج وعودہ کا اجرا وغیرہ کے امور انجام دے سکتا ہے۔
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’اقامہ ایکسپائرہونے کی صورت میں خروج نہائی لگایا جاسکتا ہے؟‘۔
محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات ‘ کے قانون کے مطابق مملکت میں غیر ملکی کارکنوں کورہائشی پرمٹ یعنی اقامہ جاری کیاجاتا ہے۔
اقامہ کی تجدید سالانہ بنیاد پرکی جاتی ہے جو سسٹم میں ظاہرہوتی ہے تاہم اقامہ کارڈ پرپہلے ایکسپائری تاریخ درج ہوتی تھی مگر اب کارڈ پرانتہائی تاریخ درج نہیں کی جاتی بلکہ جوازات کے سسٹم میں ہی اقامہ کارڈ کی تجدید کردی جاتی ہے جس کی اطلاع کارکن کے ابشر اکاونٹ کے ذریعے اس کے موبائل پرایس ایم ایس کی صورت میں کی جاتی ہے۔
خروج نہائی کے قانون کے مطابق اگر کارکن کا اقامہ ایکسپائرہے تو اس صورت میں خروج نہائی ویزا نہیں لگایاجاسکتا۔
خروج نہائی کے لیے ضروری ہے کہ کارکن کا اقامہ کارآمد ہوتاہم اس کےلیے باقی ماندہ مدت کا تعین نہیں کیا جاتا اگراقامہ کی ایکسپائری میں چند دن بھی باقی ہوں تو خروج نہائی لگایا جاسکتا ہے۔
خروج نہائی کے لیے لازمی ہے کہ کارکن کے پاسپورٹ کی مدت کم از کم 60 دن باقی ہوں جبکہ خروج نہائی ویزہ لگائے جانے کے بعد اگراقامہ ایکسپائربھی ہوجائے تو اس سے فرق نہیں پڑتا۔
خروج نہائی لگائے جانے کے بعد کارکن کے پاس 60 روز کی قانونی مہلت دی جاتی ہے جس کے دوران وہ مملکت میں قانونی طورپرقیام کرسکتا ہے بلکہ اس دوران وہ اپنے ضروری امور بھی نمٹا سکتا ہے۔