مصری شہری جو 45 سال سے راہگیروں میں روزانہ مفت ناشتہ تقسیم کررہا ہے
ہر راہگیر کو اس کی پسند کا ناشتہ پیش کیا جاتا ہے ( فوٹو: سکرین گریب المرصد)
مصر میں سوشل میڈیا پرایک مصری شہری کی وڈیو وائرل ہے جو راہگیروں میں 45 سال سے روزانہ مفت ناشتہ تقسیم کررہا ہے۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق وائرل وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مصری شہری ٹیبل پر ناشتے کی اشیا سجائے ہوئے ہے اور وہاں سے گزرنے والے ہر شخص کو مفت ناشتہ دیا جا رہا ہے۔
ناشتے میں پنیر، حلاوہ (تل سے تیار کردہ میٹھی ڈش)، سلاد اور طعمیہ (دال سے تیارعربی پکوڑے ) موجود ہیں۔
مفت ناشتہ فراہم کرنے والا مصری شہری قرآن کریم کی وہ آیت بھی تلاوت کررہا ہے جس میں اللہ تعالی نے ضرورت مندوں کو کھلانے والے کی تعریف کی ہے۔
مصری شہری ہر راہگیر سے پہلے دریافت کرتا ہے کہ اسے ناشتے میں کیا پسند ہے۔ اسی کی پسند کے مطابق ناشتہ دیا جاتا ہے۔
وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی افراد ناشتے کی تیاری میں مصری شہری کی مدد بھی کرتے نظر آرہے ہیں۔