انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بیٹرز کی رینکنگ میں پہلی تینوں پوزیشنز پر آسٹریلوی کھلاڑی موجود ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آسٹریلیا کے مارنس لبھوشین موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھی سٹیو سمتھ ترقی کر کے دوسری نمبر پر آگئے ہیں۔
اسی طرح آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں ’پلیئر آف دی میچ‘ ٹریوس ہیڈ بھی تین درجے ترقی کر کے تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ، سابق کھلاڑی انڈین ٹیم پر برس پڑےNode ID: 771876
بولرز کی فہرست میں انڈین سپنر رویچندرن اشون پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن براجمان ہیں۔
اگر آل راؤنڈرز کی رینکنگ کو دیکھا جائے تو وہاں انڈیا کے رویندرا جڈیجہ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ اُن کے ہم وطن رویچندرن اشون کی دوسری پوزیشن ہے۔
اس نئی رینکنگ کے حوالے سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں 39 برس بعد پہلی مرتبہ بیٹرز کی رینکنگ کی پہلی تین پوزیشن پر ایک ہی ٹیم کے کھلاڑی موجود ہیں۔
اس سے قبل دسمبر 1984 میں ویسٹ انڈیز کے بیٹرز گورڈن گرینیج، کلائیو لائڈ اور لیری گومز بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر رہ چکے ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر نیوزی لینڈ کے بیٹر کین ولیمسن موجود ہیں جبکہ پانچویں نمبر پر پاکستان کے کپتان بابر اعظم موجود ہیں۔
A unique stat repeats itself after nearly 39 years in the latest @MRFWorldwide ICC Men’s Test Player Rankings
— ICC (@ICC) June 14, 2023