Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد جمعے کو فرانسیسی صدر سے ملاقات کریں گے 

ولی عہد کے دورہ فرانس کے موقع پر یوکرین بحران بھی ایجنڈے  میں شامل ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پروگرام کے مطابق کل جمعہ 16 جون  2023 کو پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرن سے ملاقات کریں گے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان 22 اور 23 جون کو پیرس میں ہونے والی سربراہ کانفرنس میں  سعودی وفد کی قیادت کریں گے۔ کانفرنس ’نئے مالیاتی عالمی منشور کی خاطرّ‘ کے عنوان سے منعقد کی جائےگی۔ 
شہزادہ محمد بن سلمان ریااض میں ’ایکسپو 2030 ‘ کے انعقاد کے  حوالے سے 19 جون کو پیرس میں ہونے والے استقبالیہ پروگرام میں شرکت کریں گے۔ 
یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ سال جولائی میں پیرس کا دورہ کیا تھا۔ نیا دورہ ایک سال سے کم وقت میں دوبارہ ہورہا ہے۔ 
دریں اثنا فرانسیسی دفتر خارجہ میں عربی زبان میں رابطہ جات آفیسر پیٹرس پاولی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ فرانس کی مثالی شراکت تمام شعبوں کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ فرانس لبنان سمیت مختلف بین الاقوامی مسائل پر سعودی عرب کی رائے کو اہمیت دیتا ہے۔ 
انہوں نے کہاکہ سعودی ولی عہد کے  دورہ فرانس کے موقع پر یوکرین بحران بھی ایجنڈے  میں شامل ہوگا۔ 
انہوں نے کہا کہ فرانس، سوڈان میں حالات کو معمول پر لانے کے حوالےسے سعودی مشن کا حامی ہے۔ سعودی عرب  نے سوڈان سے غیرملکیوں کے انخلا میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔ 

شیئر: