Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی تہران میں ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سنیچر کو ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے ایرانی صدر ابراہیم ریئسی اور اپنے ہم منصب حسین امیر عبداللھیان سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی طرف سے ایرانی صدر کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی۔
ایس پی اے کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے تہران کے صدارتی محل میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا خیر مقدم کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی جانب سے ایرانی صدر، حکومت اور عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر نے بھی سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایرانی صدر کے ساتھ سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں انہیں فروغ  اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا جس سے دونوں برادر عوام کی امنگوں کو پورا کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب خلیجی علاقے میں ایران کے ساتھ مل کر بحری سکیورٹی کو بڑھانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی سکیورٹی اور خاص طور پر بحری نقل و حرکت کی سکیورٹی پر تعاون کی اہمیت پر بات کرنا چاہوں گا، اور خطے کے تمام ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بات کرنا چاہوں گا تاکہ یہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک ہو۔‘
حسین امیر عبداللھیان کے ساتھ ملاقات کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’سعودی فرمانروا اور ولی عہد چاہتے ہیں ایرانی صدر ابراہیم ریئسی جلد مملکت کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ قبول کریں۔‘
الاخباریہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ’ایران نے دوطرفہ سفارتی تعلقات کی عملی بحالی کے حوالے سے معاملات کو آسان بنایا ہے۔‘

شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ (فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے کہا کہ ’دوطرفہ بات چیت مفید رہی جس میں مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بھی شامل رہے۔‘
شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور باہمی احترام پر زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب اور ایران کے مابین باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے تمام شعبوں میں دوطرفہ وسیع تعاون کے فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیری عبداللھیان نے شہزادہ فیصل بن فرحان کے دورہ ایران کو دوطرفہ تعلقات کے استحکام و فروغ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کے لیے سکیورٹی اہم ہے۔
حسین امیری عبداللھیان کا کہنا تھا کہ ’دونوں جانب سے سفیروں کی تعیناتی کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ حتمی امور طے کیے جارہے ہیں۔ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اورمشترکہ سرحدی کمیٹیوں کے قیام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق سنیچر کو تہران کے سرکاری دورے کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیری عبداللھیان نے باضابطہ ملاقات کی جس میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ تشویش کے کئی علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا تاکہ خطے کی سلامتی اور استحکام کو حاصل کیا جا سکے۔
اس موقع پر سعودی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور باہمی احترام پر زور دیا۔ (فوٹو: روئٹرز)

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’تہران خطے میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے۔ آج کی ملاقات میں مملکت کے ساتھ مختلف شعبوں میں پائیدار تعاون کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔‘
توقع کی جا رہی تھی کہ سعودی وزیر خارجہ سنیچر کو ہی تہران میں سعودی سفارت خانے کا افتتاح بھی کریں گے۔ حالیہ ہفتوں میں دونوں ممالک نے اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولے ہیں۔
رواں برس مارچ میں چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت سفارتی تنازع ختم کرنے اور تعلقات کی بحالی پر اتفاق ہوا تھا۔
ایران اور سعودی عرب کے درمیان کئی برسوں کی کشیدگی نے یمن، شام اور لبنان سمیت علاقائی استحکام کو خطرے میں ڈالا ہوا تھا۔
خیال رہے کہ 6 جون کو ایران نے سعودی عرب میں سات سال بعد اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا تھا۔

شیئر: