Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سمارٹ ٹی وی کے لیے ٹوئٹر کی ویڈیو ایپلی کیشن آ رہی ہے‘

ایلون مسک نے ٹوئٹر میں کافی تبدیلیاں متعارف کی ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
ایلون مسک نے کہا ہے کہ سمارٹ ٹی وی کے لیے ٹوئٹر کی ویڈیو ایپلی کیشن ان کی کمپنی کے منصوبوں میں شامل ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹوئٹر اپنے پلیٹ فارم پر ویڈیو مواد بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
ایک صارف نے ٹویٹ کی تھی کہ ٹوئٹر کے ویڈیو ایپلی کیشن کی ضرورت ہے، جس کے جواب میں  ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے کہا کہ ’یہ آ رہی ہے۔‘
ٹوئٹر کی نئی سی ای او لنڈا یکرینو اور ایلون مسک نے جمعرات کو ٹوئٹر انویسٹرز کی ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ ان کی کمپنی ویڈیوز پر توجہ دینا چاہتی ہے۔
رواں ماہ فوکس نیوز کے سابق میزبان ٹککر کارلسن نے ٹوئٹر پر ’ٹککر آن ٹوئٹر‘ کے نام سے ایک شو کا آغاز کیا ہے۔
ویڈیو کے ذریعے مواد تخلیق کرنے سے متعلق ذرائع نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ٹوئٹر توقع کر رہا ہے کہ وہ ٹککر کارلسن اور ان جیسے شوز کے ویڈیو مواد کے ساتھ اشتہارات فروخت کر سکتا ہے اور سپاسنرشپ حاصل کر سکتا ہے۔
مئی میں ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ وہ ٹوئٹر میں ویڈیو اور آڈیو کالز کے فیچرز شامل کریں گے۔
ایلون مسک نے نئی خبر دیتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ ’بہت جلد اس پلیٹ فارم سے آپ کے ہینڈل سے کسی کو بھی وائس اور ویڈیو چیٹ ہو سکے گی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’فون نمبر دیے بغیر دنیا میں کہیں بھی آپ لوگوں سے بات کر سکیں گے۔‘

شیئر: