Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں منشیات کے کاروبار اور سمگلنگ میں ملوث متعدد افراد گرفتار

ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی حکام نے مملکت بھر میں مزید افراد کو منشیات سے متعلق جرائم میں گرفتار کیا ہے۔
مکہ مکرمہ پولیس نے القنفذہ گورنریٹ میں ایک گاڑی سے 199 کلو گرام قات ( نشہ آور پودے) برآمد کرکے ایک انڈین شہری کو قات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عسیر ریجن میں سرحدی محافظوں نے قات سمگل کرنے کی کوشش میں تین یمنی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔
 
حائل جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس نے نشہ آورگولیاں،حشیش اور دیگر منشیات فروخت کرنے کی کوشش میں ایک شہری کو گرفتار کیا ہے۔
جازان میں 39 کلو گرام حشیش فروخت کرنے کی کوشش اوراسلحہ رکھنے کے الزام میں دو ایتھوپین شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
ابہا ریجن کے سراہ عبیدہ گورنریٹ میں ایک سعودی شہری کو نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
علاوہ ازیں ریاض پولیس نے نشہ آور گولیاں فروخت کرنے کی کوشش پر ایک شہری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
 محکمہ امن عامہ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ’ مقامی شہری کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے‘۔ 
’سعودی شہری کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا‘۔ 
امن عامہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ ’جسے بھی نشہ آور اشیا کے کاروبار یا سمگلنگ کے حوالے سے کسی سرگرمی کی اطلاع ہو تو وہ  رابطہ کرکے مطلع کریں‘۔ 

شیئر: