Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایوی ایشن کے وفد کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ

گاکا کی ٹیم کی سربراہی انسپکٹر محمد العجمی کر رہے ہیں۔ (فوٹو: سول ایوی ایشن پاکستان)
سعودی جنرل ایوی ایشن (گاکا) کے وفد نے پاکستانی ایئرپورٹس کے معائنے کے تیسرے اور آخری  مرحلے کا آغاز اسلام آباد سے کر دیا ہے۔
پاکستان کے سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گاکا کی سات رکنی ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ شروع کر دیا ہے۔
گاکا کی ٹیم کی سربراہی انسپکٹر محمد العجمی کر رہے ہیں۔
گاکا کی ٹیم اے ایس ایف، ایئرلائنز، کیٹرنگ اور کارگو ہنڈلرز کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے۔
گاکا کی ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹریٹ برائے سکیورٹی اور منیجمنٹ کے افسران نے خیرمقدم کیا۔
افسران نے ٹیم کو ایئرپورٹ، اس کے جعرافیے، لے آوٹ، مسافروں اور پروازوں کے اعداد و شمار اور سکیورٹی پروسیجر کے بارے میں بریفنگ دی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران نے سعودی عرب کے ’روٹ ٹو مکہ‘ کے اقدام کی تعریف کی۔
پاکستان نے اس سہولت کو کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس تک وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
گاکا کی ٹیم نے مذکورہ درخواست کو سعودی حکومت تک پہنچانے پر رضامندی کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر گاکا کی ٹیم کا دورہ اطمینان بخش مکمل ہوتا ہے تو سعودی عرب کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
اس مرحلے کے دوران گاکا کی ٹیم پشاور ایئرپورٹ کا بھی دورہ کرے گی۔
دریں اثنا گاکا کی ٹیم کے سربراہ انسپکٹر محمد العجمی اور سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر سکورٹی کموڈور (ر) شاہد قادر نے اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف سعید الماکی سے ملاقات کی۔
سعودی سفیر نے سول ایوی ایشن کی تمام ایئرپورٹس کے دوروں کا انتہائی اچھے انداز میں انتظام کرنے پر تعریف کی۔

شیئر: