Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان پیرس سمٹ میں سعودی وفد کی سربراہی کریں گے

سمٹ میں عالمی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا (فوڈو: عرب نیوز)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس ہفتے پیرس میں نیو گلوبل فنانشل پیکٹ سمٹ میں سعودی وفد کی سربراہی کریں گے۔
دو روزہ کانفرنس میں سربراہ مملکت اور وزرائے اعظم، ڈائریکٹرز، این جی اوز کے نمائندے، پرائیویٹ سیکٹر کے پارٹنرز، موسمیاتی ماہرین، سول سوسائٹی کے ارکان اور نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔ 
عرب نیوز اور العربیہ چینل کے مطابق کانفرنس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ’ سمٹ میں عالمی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا‘۔
کانفرنس اقتصادی چیلنجوں اور مسائل سے دوچار ممالک کے مالیاتی استحکام کی بحالی، کم آمدنی والے ملکوں میں پرائیویٹ سیکٹر کی شرح نمو بڑھانے، ترقی پذیر ممالک کے یہاں بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کو ضروری فنڈز کی فراہمی کے اہداف پر زور دے گی۔ 
 کانفرنس کے ایجنڈے کی تیاری کے دوران بتایا گیا کہ’ کانفرنس کے چار بڑے اہداف ہیں۔ چار ورکنگ گروپ اہداف کے حصول کے لیے کام کریں گے‘۔ 
سمٹ کا مقصد عالمی ایشوز جیسا کہ بڑھتے ہوئے عوامی قرضے، ریکارڈ افراط زر، غربت میں اضافے اور سماجی عدم مساوات سے نمٹنے کےلیے ایک جامع بین الاقوامی مالیاتی نظام کی تجویز پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔
فرانس کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ’ نئے عالمی مالیاتی منشورکے لیے سربراہ کانفرنس میں سعودی ولی عہد کی شرکت اہمیت رکھتی ہے۔ سعودی عرب اس حوالے سے اہم  کردارادا کرے گا‘۔
فرانسیسی عہدیدار کے مطابق’ سعودی عرب کے ساتھ  توانائی کے معاملے اور اس سلسلے میں تعاون کے فروغ کے لیے مکالمہ اہم ہوگا‘۔ 
کانفرنس کا اہتمام 22 اور 23 جون کو فرانسیسی صدر کررہے ہیں۔ وہ  سعودی ولی عہد کے ساتھ  کانفرنس کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے۔  

شیئر: