غیر ملکی سے بدسلوکی کے الزام میں دو مقامی شہری گرفتار
سوشل میڈیا پر غیراخلاقی حرکت کی وڈیو بھی شیئر کی تھی (فائل فوٹو:عاجل))
سعودی پبلک پراسیکیوٹر کے حکم پر ایک غیرملکی کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں دو مقامی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر غیراخلاقی حرکت کی وڈیو بھی شیئر کی تھی۔
العربیہ نیٹ اور عکاظ اخبار کے مطابق پبلک پراسیکیویشن کے ایک عہدیدار نے بیان میں کہا کہ ’سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد ایک غیرملکی کے ساتھ بدسلوکی کررہے ہیں۔
وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو مقامی شہری جس میں ایک خاتون کے روپ میں ہے جبکہ تیسرا غیرملکی ہے۔ غیرملکی کو یہ تاثر دیا گیا کہ خاتون اسے پسند کرتی ہے۔
بدسلوکی اورغیر اخلاقی حرکت کی وڈیو شیئر کرکے سماجی آداب اور نجی زندگی میں مداخلت کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
پبلک پراسیکیوٹر نے وڈیو میں نظر آنے والے دونوں افراد کی گرفتاری اور ان کے خلاف فوجداری کیس بنانے کا حکم جاری کیا تھا۔
پبلک پراسیکیوٹر کے عہدیادار نے بیان میں مزید کہا کہ’ ادارہ سماجی آداب یا دیگر افراد کے حقوق یا نجی زندگی کو زک پہنچانے والی ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو قانونی سزا دلانے کی کارروائی بھی کی جاتی ہے‘۔