پیرس: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات
پیرس: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات
جمعرات 22 جون 2023 11:35
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ملاقات جمعرات کو پیرس میں ہونے والے نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی جس کی میزبانی فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں کر رہے ہیں۔
جمعرات سے جمعے تک جاری رہنے والے اجلاس کا مقصد ایک ایسا روڈ میپ تیار کرنا ہے کہ کم آمدنی والے ممالک پر قرضوں کا بوجھ کم کیا جا سکے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے لیے مزید فنڈز کی فراہمی ہو سکے۔
پچھلے برس پاکستان کو شدید سیلاب کے باعث بہت نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا جس سے تین کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہوئے اور کم سے کم ایک ہزار سات سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔
پچھلے سال سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ مملکت اگلے دس برس کے دوران مشرق وسطٰی میں گرین انیشیٹیو کے لیے ڈھائی ارب ڈالر فراہم کرے گی اور اس کی میزبانی بھی کرے گی۔
مشرق وسطٰی گرین انیشٹیو خطے میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔‘
بیان کے مطابق ’اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔‘
’دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے اشتراک عمل مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔‘
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے موضوع پر منعقدہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر سربراہی اجلاس بلانے پر صدر ایمانوئل میخواں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے سربراہی اجلاس میں دعوت دینے اور پُرتپاک میزبانی پر فرانسیسی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے فرانسیسی صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرات مندانہ قدم اٹھایا۔
انہوں نے فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو وسائل کی عدم دستیابی، قرض اور سود کی ادائیگیوں کے بوجھ اور منجمد ترقی کے مسائل درپیش ہیں۔