Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر 25 اگست تک خطرناک مواد کو ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات کرے: یورپی یونین

یورپی یونین سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے لیے ڈیجیٹل سروس ایکٹ نافذ کرنے جا رہا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر
یورپی یونین کے کمشنر نے ایلون مسک کو تنبیہہ کی ہے کہ ’ٹوئٹر کے پاس 25 اگست تک خطرناک مواد کو معتدل بنانے کے لیے کافی وسائل ہونے چاہییں۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کے کمشنر تھیری بریٹن نے ٹوئٹر ہیڈ کوارٹر میں ایک میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’اگر ٹیکنالوجی تیار نہیں ہے تو ان کے پاس اس فرق کو ختم کرنے کے لیے کافی وسائل کی ضرورت ہے۔ میں نے ایلون مسک کے ساتھ اس مخصوص موضوع پر بات کی ہے۔‘
اس اجلاس میں ایلون مسک نے نیویارک سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔
یورپی یونین کے کمشنر بریٹن کے مطابق انہوں نے ٹوئٹر ٹیم کو بتایا ہے کہ ’جب ضوابط نافذ ہوں گے تو کچھ ایسے شعبے ہیں جن پر فوری عمل درآمد ضروری ہو گا خاص طور پر بچوں کے ساتھ بدسلوکی سے متعلقہ مواد جو یورپ میں ہمارے لیے ایک اہم موضوع ہے اور انتخابات کے دوران غلط معلومات کا پھیلاؤ بھی۔‘
یورپی کمشنر نے سان فرانسسکو کا دو روزہ دورہ فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام کے لیے یورپی یونین کے ڈیجیٹل سروس ایکٹ نافذ ہونے سے چند ہفتے قبل کیا ہے۔
فرانس کے سابق وزیر خزانہ نئے قوانین پر بات کرنے کے لیے مارک زکربرگ سے بھی ملاقات کریں گے تاہم تمام نظریں ایلون مسک پر ہیں۔
یورپی یونین کے کمشنر نے یہ میٹنگ اس لیے کی تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ایلون مسک کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے یہ پلیٹ فارم نئے قوانین پر پورا اُترنے کے لیے تیار ہے یا نہیں۔
گزشتہ ہفتے پیرس کے دورے کے موقع پر ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ ڈیجیٹل سروس ایکٹ (ڈی ایس اے) کے مطالبات کو پورا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کا یورپی یونین نے بھی خیر مقدم کیا تھا۔
تاہم مبصرین کو شُبہ ہوا کہ ایلون مسک اپنے عزم پر قائم رہنے کی پوزیشن میں شاید نہیں ہیں۔

یورپی کمشنر نے سان فرانسسکو کا دو روزہ دورہ یورپی یونین کے ڈیجیٹل سروس ایکٹ نافذ ہونے سے چند ہفتے قبل کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

تھیری بریٹن نے کہا کہ ’میں یہاں کمپنی کو یہ بتانے کے لیے نہیں آیا کہ انہیں کیا کرنا ہے۔ میں ریگولیٹر ہوں اور مجھے انہیں بتانا ہو گا کہ قانون کیا ہے۔‘
یورپی یونین کے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن کی طرح ڈی ایس اے ایک عالمی معیار بن جائے گا۔
نئے قوانین کو پورا کرنے کے لیے ٹوئٹر، میٹا، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز کو ایک عمل درآمد کرانے کے لیے ٹیمیں بنانے پر بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنا پڑے گی جب دوسری جانب بڑی ٹیک کمپنیاں اپنے مواد کی اعتدال پسندی کے لیے افرادی قوت سمیت عملے میں کمی کر رہی ہیں۔
ڈیجیٹل سروس ایکٹ کے تحت 19 پلیٹ فارمز کو ’بہت بڑے آن لائن پلیٹ فارمز‘ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جو 25 اگست سے شروع ہونے والے خصوصی طور پر مقرر کردہ قوانین کے تابع ہوں گے۔

شیئر: