پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بدھ کو 10 گھنٹوں کے دوران بارش کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف حادثات میں سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بدھ کو 8 سے 10 جولائی کے دوران ملک میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے سیلاب کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
بارشوں سے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے: شیری رحمانNode ID: 775441
این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کی مزید بارشوں سے مختلف دریاؤں اور نشیبی علاقوں میں اونچے درجے کے سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
’8 سے 10 جولائی کے دوران شدید بارشوں سے دریائے چناب، ستلج اور دریائے راوی اور محلق ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔‘
پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بھی الرٹ جاری کیا ہے کہ صوبے کے مختلف شہروں میں مزید بارشیں ہوں گی۔
’لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔‘
پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ انڈیا کی جانب سے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑنے جانے کا امکان ہے جس سے سیلاب کے خطرات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز سمیت صوبائی محکموں کو آگاہ کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی موسم کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارشیں ہونگی/ لاہور ،روالپنڈی اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ/ ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے/ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا pic.twitter.com/ySjWcEXct5
— PDMA Punjab Official (@PdmapunjabO) July 5, 2023
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ہنگامی طبی عملے کی موجودگی کو یقینی بنائے، سیاح اور مسافر سفر سے قبل موسم کی صورت حال سے آگاہی حاصل کریں۔
اس سے قبل بدھ کو حکام نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور مون سون کی وجہ سے لاہور بارش کی زد میں ہے جس کی وجہ سے 10 گھنٹوں میں 291 ملی میٹر ریکارڈ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ 30 برسوں میں لاہور میں اتنے کم وقت میں اس قدر زیادہ بارش نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس لاہور میں زیادہ سے زیادہ 256 ملی میٹر، 2022 میں 238 اور 2018 میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
![](/sites/default/files/pictures/July/37246/2023/lahore_rain_afp_24.jpg)