Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موبائل قرضہ ایپس کیسے کام کرتی ہیں اور انہیں ریگولیٹ کون کرتا ہے؟

سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے آپ کی نظر سے ہر چند وقفوں کے بعد ایک اشتہار گزرتا ہے جس میں آپ کو چھوٹے موٹے معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے آسان اور انتہائی کم سود پر قرض کی فراہمی کے لیے مختلف ایپلیکشنز کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔  
بظاہر یہ ایک انتہائی آسان حل ہے۔ لیکن ایک بار قرض حاصل کرنے کے بعد قرض فراہم کرنے والی یہ کمپنیاں اور نمائندے اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں کی زندگیاں اجیرن کر دیتے ہیں۔
انھی قرضہ ایپس کے ستائے ہوئے راولپنڈی کے شہری محمد مسعود نے گلے میں پھندہ ڈال کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔ جس کے بعد ان کمپنیوں کا کردار زیربحث ہے کہ یہ کمپنیاں شہریوں کے لیے سہولت ہیں یا پھر زحمت ہیں؟ ان کمپینوں کو کون کیسے ریگولیٹ کرتا ہے؟  
مسعود احمد کے آخری آڈیو پیغام جو انہوں نے اپنی اہلیہ کو بھیجا، اس میں ان کمپنیوں کی جانب سے ڈالے گئے دباؤ کی جھلک واضح نظر آتی ہے۔  
انہوں نے کہا کہ  نہ میں آپ کے قابل ہوں نہ بچوں کے۔ کوئی اور آپشن نہیں مجھے معاف کر دینا، بہت سارے لوگوں کے پیسے دینے ہیں، سود کے۔ انہوں نے میرا جینا حرام کیا ہوا ہے۔ موت کے بعد میرا موبائل ایک ماہ تک بند رکھنا، بعد میں سمیں نکال کر بیٹے کو دے دینا۔‘ 

موبائل ایپس قرضہ کمپنیاں کیسے کام کرتی ہیں؟ 

یہ کمپنیاں آن لائن صارفین سے ان کے کوائف حاصل کرتی ہیں۔ ان کوائف میں شناختی کارڈ، موبائل نمبر، قریبی رشتہ داروں کے شناختی کارڈ اور موبائل نمبرز حاصل کرتی ہیں اور 10 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک قرضے دیتی ہیں۔  
بظاہر یہ کمپنیاں جو شرح سود بتاتی ہیں کچھ ہی دنوں میں اس کے برعکس کئی گنا زیادہ سود کا تقاضا شروع کر دیتی ہیں۔

مسعود احمد کے آخری آڈیو پیغام میں ان کمپنیوں کی جانب سے ڈالے گئے دباؤ کی جھلک واضح نظر آتی ہے (فائل فوٹو: فیس بک، مسعود احمد)

جب کوئی صارف ان میں سے کسی ایپ پر سائن اپ کرتا ہے تو غیر محسوس طریقے سے اس سے یہ اجازت حاصل کر لی جاتی ہے کہ ایپ کو موبائل میں موجود تمام نمبروں اور تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل ہو گی جس کی بنیاد پر یہ کمپنیاں ان صارفین کو بلیک میل کرکے کئی گنا رقم واپس  بٹورتی ہیں۔  

موبائل ایپس قرضہ کمپنیوں کو ریگولیٹ کون کرتا ہے؟  

پاکستان میں کوئی بھی ایسا کاروبار جس کے ذریعے مالی خدمات (فنانشل سروسز) فراہم کی جائیں ان کا سیکیورٹی ایکسچین کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔ جب یہ کپمنیاں اپنی خدمات فراہم کرنا شروع کر دیتی ہیں تو سٹیٹ بینک آف پاکستان بھی ان کو ریگولیٹ کرتا ہے۔  
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ڈپٹی گورنر سیما کامل نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ڈیجیٹل بینکنگ ایپس کو ریگولیٹ کرنا بنیادی طور پر ایس ای سی پی اور سٹیٹ بینک کا کام ہے۔ مسئلہ تب ہوتا ہے جب غیر قانونی اور نان رجسٹرڈ کمپنیاں بھی کام شروع کر دیتی ہیں اور کوئی ان کو روکنے والا نہیں ہوتا۔‘  
انھوں نے کہا کہ ’ہم نے اس حوالے سے بینکوں کو واضح ہدایات دے رکھی ہیں کہ وہ ان غیر قانونی کمپنیوں کی ٹرانزیکشنز پروسیس ہی نہ کریں۔‘  
دوسری جانب ایس ای سی پی کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’راولپنڈی واقعے کے بعد حقائق کا جائزہ لینے کے لیے ہماری ٹیم نے خودکشی کرنے والے شخص کے بارے میں ڈیٹا اکٹھا کیا ہے جس کے مطابق اس نے دو رجسٹرڈ کمپنیوں سے پہلے بھی قرض لیا تھا اور وہ ان کے کبھی ڈیفالٹر نہیں ہوئے اور بروقت رقم واپس ادا کر چکے تھے۔‘  
ان کے مطابق ’شاید اس بار انھوں نے کسی غیر قانونی اور نان رجسٹرڈ کمپنی سے قرضہ لیا جس کے نمائندوں نے ان کو حراساں کیا اور نوبت یہاں تک پہنچ گئی۔‘
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’بلیک میلنگ کا کام غیررجسڑڈ کمپنیاں کرتی ہیں کیونکہ رجسٹرڈ کمپنیوں کی جانب سے کسی کا ڈیٹا غلط استعمال کرنے کا معاملہ فرانزک آڈٹ میں سامنے آ سکتا ہے۔‘ 

غیر قانونی ایپس کو کیسے روکا جا سکتا ہے؟  

اس حوالے سے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک سیما کامل نے اردو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ’ان ایپس کو روکنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ روایتی بینک پسے ہوئے اور عام افراد کو بھی کم مالیت کے قرضے فراہم کرنا شروع کر دیں۔ اس سے دو فائدے ہوں گے ایک تو اس طرح کی کمپنیوں جو بے تحاشا شرح منافع کے ذریعے پیسے بناتی ہیں اور غریب طبقے کو لوٹتی ہیں سے جان چھوٹ جائے گی اور دوسری جانب غریب طبقے کا ملک کے بینکاری نظام پر اعتماد بڑھے گا۔‘ 

آن لائن ایپس سے تقریباً 52 لاکھ صارفین اس سے مستفید ہوئے جن میں بڑی تعداد خواتین کی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ترجمان کے مطابق ’ایس ای سی پی کے پاس کل 11 آن لائن قرضہ ایپس رجسٹرڈ ہیں جن کا فرانزک آڈٹ ہوتا ہے اور ان کے نمائندوں کی جانب سے صارفین کو کی جانے والی کالز کا ریکارڈ بھی ایس ای سی پی کے پاس جمع ہوتا ہے۔ ایس ای سی پی نے گزشتہ کچھ عرصے میں 52 ایپس کو ایف آئی کی مدد سے بلاک بھی کروایا ہے۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے گوگل سے بھی رابطہ کیا اور گوگل اس بات سے اتفاق کر چکا ہے کہ مستقبل میں گوگل پلے سٹور پر صرف ان ایپس کو جگہ ملے گی جو ایس ای سی پی سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے۔‘  
ترجمان کے مطابق گزشتہ ایک سال میں ان آن لائن ایپس کے ذریعے 112 ارب روپے کے قرضے دیے گئے۔ تقریباً 52 لاکھ صارفین اس سے مستفید ہوئے جن میں بڑی تعداد خواتین کی ہے۔ اب ان ایپس نے اقساط پر اشیاء کی فراہمی بھی شروع کر دی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ دنیا بھر میں مائیکرو فنانسنگ فروغ پا رہی ہے، اس لیے ان کو بند کرنا حل نہیں ہے۔ تاہم غیرقانونی ایپس کے خاتمے کے ساتھ ساتھ رجسٹرڈ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی یقیناً بہتری لا سکتی ہے۔‘

شیئر: