Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمام بندرگاہ پر سب سے بڑا کنٹینر بردار جہاز لنگر انداز 

کنٹینر بردار جہاز 400 میٹر لمبا اور 61 میٹر چوڑا ہے (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں دمام کی کنگ عبدالعزیز بندرگاہ پر اتوار کو سب سے بڑا کنٹینر برادر جہاز لنگر انداز ہوا ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دمام بندرگاہ کی تاریخ میں اتنا بڑا کنٹینر بردار جہاز اب سے پہلے کبھی لنگر انداز نہیں ہوا تھا۔ یہ 400 میٹر لمبا، 61 میٹر چوڑا اور  16 میٹر گہرا ہے۔ اس پر 23664 کنٹینرز کی گنجائش ہے۔ 
کنگ عبدالعزیز بندرگاہ  انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’کنٹینر بردار بڑا جہاز ’برلن ایکسپریس‘ جرمن جہاز رانی روٹ ہاپاگ لائیڈ کے ماتحت ہے‘۔ 
 کنٹینر بردار جہاز برلن ایکسپریس بحری کارگو سروس اے جی تھری کا حصہ ہے۔ اس نے دمام کی کنگ عبدالعزیز بندرگاہ کو سنگاپور، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، چین، جبل علی اور عمان کی اہم بندرگاہوں سے جوڑ دیا۔ 
دیو ہیکل کنٹینر بردار جہاز کی آمد سے پتہ چلتا ہے کہ بین الاقوامی جہاز راں کمپنیوں کو سعودی بندرگاہوں کی استعداد پر اعتماد ہے۔ 

شیئر: