امارات میں بھی سویڈن کے ناظم الامور کی طلبی، احتجاجی یادداشت حوالے
جمعہ 21 جولائی 2023 22:28
دفتر خارجہ نے مذہبی علامتوں اور مقدس شخصیتوں کے احترام پر زور دیا ہے( فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ابوظبی میں سویڈن کے سفارتخانے کے ناظم الامور کو طلب کرکے قرآن کریم کی مسلسل بے حرمتی کے واقعے کی مذمت اور احتجاجی یادداشت حوالے کی ۔
امارات کے خبرساں ادارے وام کے مطابق اماراتی دفتر خارجہ نے زور دیا کہ’ امن و سلامتی کے حصول پر منفی اثرات ڈالنے والی نسلی تفریق اور نفرت کے بیانیے کو کنٹرول کرنا ہوگا‘۔
’متحدہ عرب امارات اس قسم کی گھناؤنی سرگرمیوں کو اظہار رائے کی آزادی کا جواز دینے کے خلاف ہے اور اسے مسترد کرتا ہے‘۔
دفتر خارجہ نےکہا کہ’ متحدہ عرب امارات امن و استحکام کو متزلزل کرنے والی تمام سرگرمیوں کو مسترد کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا‘۔
’امارات کا موقف ہے کہ اس قسم کی حرکتیں اخلاقی اور انسانی اقدار اور اصولوں کے منافی ہیں‘۔
اماراتی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’انتہا پسندی اور نفرت کا بیانیہ اقوام عالم کے درمیان امن و سلامتی اور روا داری کی اقدار کو رائج کرنے والی بین الاقوامی کوششوں کے منافی ہے‘۔
دفتر خارجہ نے مذہبی علامتوں اور مقدس شخصیتوں کے احترام پر زور دیا اور کہا کہ ’اشتعال انگیزی اور فتنہ گری سے دور رہا جائے۔ دنیا کو اس وقت روا داری اور پرامن بقائے باہم کے لیے عالمی اصولوں کو فروغ دینے کی خاطر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے‘۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ ’قرآن پاک کی بے حرمتی جیسی سنگین حرکتوں کی بار بار اجازت دینا ان بین الاقوامی قوانین اور روایات کے منافی ہے جو مقدس علامتوں، کتابوں اور مذاہب کی تواہین سے روکتے ہیں۔ علاوہ ازیں نفرت اور انتہا پسندی کا بیانیہ تنازعات کو بھڑکانے کا باعث بنتا ہے‘۔