سعودی قیادت کی جانب سے امیر قطر سے اظہار تعزیت
اتوار 23 جولائی 2023 14:25
سعودی عرب کی قیادت نے سنیچر کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے شاہی خاندان کے سینیئر رکن شیخ محمد بن حمد بن عبداللہ بن جاسم الثانی کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم شیخ محمد بن حمد کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی رنج و ملال کا اظہار کرتے ہیں۔
سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے امیر قطر سے شیخ محمد بن حمد کی وفات پر اپنے تعزیتی پیغام میں ان کے اہل خانہ سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب قطر نیوز ایجنسی کے مطابق شیخ محمد بن حمد بن عبداللہ بن جاسم الثانی 21 جولائی کی صبح انتقال کر گئے تھے۔
دوحہ کی امام محمد ابن عبد الوہاب مسجد میں سنیچر کو نماز مغرب کے بعد شیخ محمد بن حمد کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور قدیم الریان قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔