Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پروجیکٹ کے تحت یمن میں مزید 856  بارودی سرنگیں صاف

مسام پروجیکٹ باروی سرنگیں صاف کرنے کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے (فوٹو: ایس پی اے)
یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے سعودی پروجیکٹ مسام نے اس سال جولائی کے تیسرے ہفتے کے دوران مختلف علاقوں میں حوثیوں کی بچھائی ہوئی مزید 856  بارودی سرنگیں صاف کی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں خصوصی ٹیموں نے 71اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، ایک اینٹی پرسنل، 780  بغیر دھماکے والی اور چار دھماکہ خیز ڈیوائس کو تباہ کیا ہے۔
یمن کے مارب، عدن، الجوف، شبوہ، تعز، الحدیدہ، لحج، صنعا، ابیضا، الضالع اور حدیدہ گورنریٹس میں کارروائیاں کی گئی ہیں۔
2018 میں شروع کیے جانے والے مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چار لاکھ، آٹھ ہزار آٹھ بارودی سرنگوں کو تباہ کیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مسام کے نام سے حوثیوں کی بچھائی ہوئی باروی سرنگیں صاف کرنے کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مسام پروجیکٹ یمن کےعوام کے دکھوں کو کم کرنے میں مدد کے لیے متعدد اقدامات میں سے ایک ہے۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام کے پاس اس کام کے لیے 32 ٹیمیں ہیں اور اس کا مقصد یمن میں بارودی سرنگوں کو ختم کرنا ہے تاکہ عام شہریوں کی حفاظت کی جا سکے اور یہ یقینی بنانا ہے کہ فوری طور پر انسانی ہمدردی کی فراہمی کو بحفاظت فراہم کیا جائے۔

حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

جون 2022 میں مسام پروجیکٹ کے معاہدے کو 33.29 ملین ڈالر کی لاگت سے مزید ایک سال کے لیے بڑھایا گیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92  ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 402  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.25 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی کے پروگراموں میں فوڈ سکیورٹی، صحت، انسانی اور ہنگامی امداد، پانی اور حفظان صحت، صفائی، پناہ گاہ، تحفظ، کیمپ کوآرڈینیشن، غذائیت، تعلیم، ملٹی کلسٹر، جلد صحت یابی، لاجسٹکس اور ٹیلی کمیونیکیشن شامل ہیں۔

شیئر: