عسیر ریجن میں سیکیورٹی آپریشنز، 693 کلو گرام حشیش ضبط، دس ملزمان گرفتار
ملزمان کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان مروان الحازمی نے کہا ہے کہ ’عسیر ریجن میں مختلف مقامات پر تین سیکیورٹی آپریشنز کے دوران 693 کلو گرام حشیش ضبط کی گئی ہے‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ’سیکیورٹی فورس کے اہلکار مملکت اور اس کے نوجوانوں کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کے درپے منشیات کے سمگلرو ں اور اس کا کاروبار کرنے والوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں‘۔
ترجمان نے بتایا کہ ’تین سیکیورٹی آپریشنز کے دوران دس ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ان میں سے پانچ کا تعلق ایتھوپیا کے دراندازوں سے ہے۔ ایک مقیم انڈین شہری بھی زیر حراست ہے جبکہ چار سعودی پکڑے گئے‘۔
مروان الحازمی نے کہا کہ’ تمام ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے‘۔