Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بس اتنا دوستو‘ اٹلی کے گول کیپر بفون کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

بفون نے 5 ورلڈ کپ میں حصہ لیا، اس میں 2006 کے عالمی اعزاز کی فتح شامل ہے۔ فوٹو ٹوئٹر
اٹلی کی فٹبال ٹیم کے گول کیپر گیانلیوگی بفون نے گذشتہ روز بدھ کو 45 سال کی عمر میں پروفیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گول کیپر بفون 2006 کا ورلڈ کپ جیتنے والی اٹلی کی ٹیم میں شامل تھے۔
اس موقع پر بفون نے  اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا ہے کہ ' بس اتنا دوستو! تم نے مجھے سب کچھ دیا، میں نے تمہیں سب کچھ دیا۔' ہم نے یہ سب ایک ساتھ کیا۔
جووینٹس کلب کی جانب سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم ایک بار پھر آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے یہ فٹ بال کی تاریخ میں ایسے لمحات ہیں جنہیں ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
رپورٹ میں بفون کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ آپ نہ صرف بہترین تھے، آپ نے اس سے زیادہ کیا اور آپ بہترین گول کیپر بن گئے۔
بفون نے جووینٹس فٹبال کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے 10 ٹائٹل جیتے لیکن اپنے شاندار کیرئیر کا آغاز اٹلی کی پرما فٹبال کلب سے کیا تھا۔
اٹلی کی پرما کلب نے بھی بفون کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ ایک آدمی، ایک چیمپئن، کلب اور شہر کے لیے  بہترین کپتان ثابت ہوئے۔

مباپے نے خراج تحسین میں انہیں گولڈن مین قرار دیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

گیانلیوگی بفون کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر پرما کلب کے مالک کائل کراؤس نے کہا ہے کہ بفون شاندار کیریئر کے دوران اپنی صلاحیتوں کے حوالے سے ناقابل تسخیر عزم اور  غیر متزلزل جذبے کے لحاظ سے بے مثال رہے۔
پیرس سینٹ جرمین فٹبال کلب میں ان کے سابق ساتھی فرانس کے کیلان مباپے نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بفون کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں  گولڈن مین قرار دیا ہے۔
مباپے نے مزید لکھا ہے کہ آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملانا میرے لیے بہت بڑا اعزاز تھا اور آپ کے افسانوی کیریئر میں آپ کے ساتھ  کئی فتوحات سمیٹنے کا موقع ملا۔

بفون نے جووینٹس فٹبال کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے 10 ٹائٹل جیتے۔ فوٹو اے پی

اٹالین فٹبال لیگ سیری اے کے سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ بھی گیانلیوگی بفون کے پاس ہے انہوں نے 1997 سے 2018 تک سب سے زیادہ  میچ کھیلنے والے کھلاڑی رہے۔
بفون نے پانچ فٹبال ورلڈ کپ میں حصہ لیا جس میں 2006 کا اعلیٰ ترین اعزاز بھی شامل تھا، جب اٹلی نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دی تھی۔

شیئر: