شاہ سلمان نے اسلامی کانفرنس کے انعقاد کی منظوری دیدی
’مکہ مکرمہ میں منعقد ہونے والی اسلامی کانفرنس میں 85 ممالک سے 150 علما شرکت کریں گے‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے مکہ مکرمہ اسلامی کانفرنس کے انعقاد کی منظوری دیدی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت اسلامی امور، دعوت وارشاد کے تحت اسلامی کانفرنس کا انعقاد 26 اور27 محرم کو ہوگا۔
اسلامی کانفرنس میں 85 ممالک سے تعلق رکھنے والے 150 عالم دین،مفتیان کرام اور اسلامی محققین شریک ہوں گے۔
شرکا کا تعلق مختلف ممالک کی اسلامی وزارتوں کے علاوہ مکاتب فکر اور دار الافتا کے علاوہ یونیورسٹیز سے ہوگا۔
دو روزہ منعقد ہونے والی کانفرنس میں 7 سیشن ہوں گے جن میں شرکا وسطیت، غلو، رواداری اور باہم برداشت کے علاوہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
کانفرنس ایک مقصد مختلف ممالک کے علما اور مفتیان کے علاوہ مکاتب فکر اور محققین کے درمیان ربط قائم کرنا ہے۔
کانفرنس کے ذریعہ دنیا کا اسلام کی وسطیت اور اعتدال کا پیغام دیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں مسلم امہ کے درمیان الفت و محبت اور یکجہتی کے تعلق کو فروغ دیا جائے گا۔