مملکت کے کئی علاقوں میں جمعے سے پیر تک بارش کے امکانات
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سے قبل گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ کل جمعہ گیارہ اگست 2023 سے پیر تک بارش ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ عسیر، باحہ، جازان اور مکہ ریجنز میں درمیانے درجے سے لے کر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
قومی مرکز نے توجہ دلائی ہے کہ بارش سے قبل گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی۔ بارش ہونے پر سیلاب کا خطرہ ہے۔ بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مدینہ، تبوک اور نجران ریجنز میں بوندا باندی سے لے کر درمیانے درجے تک کی بارش ہو گی۔
قومی مرکز کا مزید کہنا تھا کہ ریاض اور الشرقیہ ریجنز میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں