مکہ ریجن میں سکول بس ٹرانسپورٹ سروس، اندراج کیسے کرائیں؟
560 بسیں 20 ہزار طلبہ کو سکول لانے لے جانے کےلیے استعمال ہوں گی ( فوٹو: عاجل)
سعودی عرب مکہ مکرمہ ریجن میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل محمد المدخلی نے بدھ کو سکول بس پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔
560 بسیں 20 ہزار طلبہ و طالبات کو آئندہ ہفتے سے سکول لانے لے جانے کا کام انجام دیں گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سکول بس سروس سے مکہ مکرمہ، اس کی کمشنریوں اور قریوں کے طلبہ خصوصا معذوروں کو فائدہ ہوگا۔
مکہ مکرمہ محکمہ تعلیم نے طلبہ کے والدین سے کہا ہے کہ ’وہ سکول بس سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ’نور‘ سسٹم پر جاکر اندراج کرائیں۔ اس کی علامتی فیس 200 ریال ہے جو سال میں ایک بار وصول کی جائے گی‘۔
اندراج کرانے والے چار زمروں کو فیس سے استثنی حاصل ہوگا۔ سکول بس سروس سے مفت استفادہ کرسکیں گے۔
مکہ مکرمہ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ’فیس سے جن زمروں کو استثنی دیا گیا ہے ان میں سماجی کفالت میں رجسٹرڈ خاندانوں کے طلبہ، معذور طلبہ و طالبات اور ایسے سکولوں کے طلبہ جنہیں وزات تعلیم نے اس پروگرام میں شامل کیا ہوا ہے‘۔
300 ڈرائیور سکول بس سروس کی سہولت مہیا کریں گے۔ انہیں ڈیوٹی سے قبل سکول ٹرانسپورٹ کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔