مشتبہ شخص نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ساتویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔ فوٹو عرب نیوز
لبنان کے شہر بیروت کے محلے السلام میں چھاپے کے دوران 23 سالہ مشتبہ شخص گرفتاری سے بچنے کے لیے ایک عمارت کی ساتویں منزل سے کود کر ہلاک ہو گیا۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق لبنانی میڈیا نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ دمشق میں گذشتہ ماہ سیدہ زینب کے مزار کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں شامی نوجوان کے ملوث ہونے کا شبہ تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ شام کے ضلع التل سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ نوجوان غیر قانونی طور پر لبنان میں داخل ہوا اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے السلام میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں پناہ لئے ہوئے تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عمارت پر حزب اللہ گروپ کے ارکان نے چھاپہ مارا اور جب شامی نوجوان کو معلوم ہوا کہ اس کے ٹھکانے کا پتہ چل گیا ہے تو اس نے ساتویں منزل سے چھلانگ لگا دی، اسے فوری طور پر قریبی سینٹ جارج ہسپتال لے جایا گیاجہاں اس کی موت واقع ہو گئی۔
ذرائع نے مزید کہا ہے کہ مشتبہ شامی نوجوان کے دو رشتہ داروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
قبل ازیں شام کے سرکاری میڈیا نے 27 جولائی کو خبر دی تھی کہ دمشق کے جنوب میں سیدہ زینب کے مزار کے باہر نصب شدہ بم پھٹنے سے متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
سیدہ زینب کے مزار کے قریب ہونے والے حملے کے اگلے دن شدت پسند تنظیم داعش (آئی ایس) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی تھی۔