اماراتی خلاباز کی چھ ماہ بین الاقوامی سپیس سٹیشن میں گزارنے کے بعد زمین پر واپسی
سلطان النیادی 2 مارچ کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ فوٹو: ناسا
متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے خلاباز سلطان النیادی اور دیگر عملہ چھ ماہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں گزارنے کے بعد زمین پر واپس پہنچ گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سلطان النیادی اور کریو 6 مشن کے دیگر عملے سمیت امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے خلاباز سٹیفن بوون اور ووڈی ہوبرگ اور روسی خلاباز آندرے فیدیف پیر کی صبح زمین پر واپس پہنچے ہیں۔
خلائی سٹیشن سے روانگی سے قبل خلابازوں کا کہنا تھا کہ انہیں گرم باتھ، بھاپ نکلتی ہوئی کافی اور سمندر کی ہوا کی طلب ہے۔
خیال رہے کہ خلابازوں کی واپسی موسمیاتی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔
اس سے قبل ناسا اور سپیس ایکس کمپنی نے کہا تھا کہ ’3 ستمبر سے قبل بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے خلائی شٹل کی علیحدگی ممکن نہیں ہے۔ چار ستمبر کو واپسی کا امکان ہے۔‘
اس سے پہلے بتایا گیا تھا کہ ’اماراتی خلا باز سنیچر کی شام پانچ بج کر پانچ منٹ پر زمین کے لیے واپسی کا سفر شروع کریں گے۔ اب وہ اتوار کو تین بج کر پانچ منٹ پر خلائی سٹین سے روانہ ہوں گے اور پیر کی صبح آٹھ بج کر سات منٹ پر زمین پر واپس پہنچیں گے۔‘
سلطان النیادی طویل مدتی خلائی مشن پر جانے والے پہلے عرب خلا باز ہیں۔ وہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر چھ ماہ گزارنے کے بعد واپس آئے ہیں۔
سلطان النیادی کینڈی سپیس سٹیشن سے 2 مارچ کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔