سعودی وزیر حج و عمرہ کے دورہ اردن کا آغاز
فلسطینی وزیر اوقاف و مذہبی امور سے بھی ملاقات کریں گے( فوٹو: سبق)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات اور سہولیات سے متعارف کرانے کے لیے اردن کے سرکاری دورے کا آغازکیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب عمرہ قوانین و ضوابط کو جدید بنانے اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کررہا ہے۔ اعلی قیادت کی جانب سے لامحدود تعاون دیا جارہا ہے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ عمان میں اردن کے متعلقہ اداروں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ اردنی زائرین کے حوالے بات چیت کریں گے۔
نسک ایپ کے ذریعے فراہم کی جانے والی خدمات سے آگاہ کریں گے۔ عمرہ زائرین کی آگہی میں اضافے کے موضوع پر بھی بات چیت ہوگی۔ عمرہ کے سفر کی پیشگی تیاری اور منصوبہ بندی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی وزیر حج و عمرہ اپنے دورہ اردن کے موقع پر فلسطینی وزیر اوقاف و مذہبی امور حاتم البکری سے بھی ملاقات کریں گے۔
وہ فلسطینی عمرہ زائرین کے سعودی عرب سفر کو آسان بنانے اور عمرہ ویزے کے اجرا میں آسانیوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔