Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قیادت کا لیبیا میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور ہلاکتوں پر اظہار تعزیت

سیلاب سے ڈیم ٹوٹ گئے اور عمارتیں پانی میں بہہ گئیں (فوٹو: اے پی)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو لیبیا کی صدارتی کونسل کے سربراہ محمد المنفی کو سیلاب کی تباہ کاریوں پر الگ الگ تعزیتی پیغام بھیجے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق لیبیا میں بحرہ روم میں سمندری طوفان ‘دانیال‘ کے باعث تین ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور کم از کم دس ہزار لاپتہ ہوگئے ہیں۔ 
سیلاب سے ڈیم ٹوٹ گئے۔ عمارتیں پانی میں بہہ گئیں اورمشرقی ساحلی شہر درنہ کا ایک چوتھائی حصہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا۔
 لیبیا کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’ملک میں آنے والی آفت انتہائی ہولناک اور بھیانک ہے جس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔‘
’اس وقت پورے پورے محلے اور آبادیاں زیرآب ہیں جبکہ کئی محلوں کے رہائشیوں کو سیلاب سمندر میں بہا کر لے گیا ہے‘۔
سعودی قیادت نے مرنے والوں کے اہل خانہ اور لیبیا کے عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

شیئر: