Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوان نسل کی آگہی کے لیے پاکستان میں سیرت میوزیم تعمیر ہو گا: نگراں وزیر مذہبی امور

مسعود الحارثی نے بتایا کہ ’رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیسی نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
پاکستان کے نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد بن مسعود الحارثی سے ملاقات میں کہا ہے کہ نوجوان نسل کی بہتر آگہی کے لیے پاکستان میں سیرت میوزیم تعمیر ہو گا۔ معاشرتی  اصلاح کے لیے مساجد میں خطبات جمعہ کے لیے اخلاقی موضوعات مرتب کیے جا رہے ہیں۔
بدھ کو وزارت مذہبی امور کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انیق احمد نے رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد بن مسعود الحارثی سے ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ وزارت مذہبی امور کی فراہم کردہ جگہ پر رابطہ عالم اسلامی کے تعاون سے ایک سیرت میوزریم تعمیر کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کی سیرت طیبہ پر بہتر آگہی میسر آ سکے۔
انیق احمد نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مذہبی عقیدت و احترام کا رشتہ ہے۔ حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے جلد سعودی عرب کا دورہ کروں گا۔ پاکستان میں قرآنی تعلیمات کے فروغ کے لیے قرآن میوزیم بھی قائم کرنا چاہتے ہیں۔‘
نگراں وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ ’ملک بھر میں ڈھائی لاکھ سے زائد مساجد موجود ہیں۔ معاشرے کی اصلاح کے لیے منبر و محراب کا کردار نہایت اہم ہے۔ معاشرے کی اصلاح کے لیے خطبات جمعہ کے لیے اخلاقی موضوعات مرتب کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں چاروں صوبائی وزراء مذہبی امور و اوقاف کے ساتھ  مشاورتی اجلاس جلد منعقد ہو گا۔‘ 
مسعود الحارثی نے بتایا کہ ’رابطہ عالم اسلامی  کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیسی نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ رابطہ عالم اسلامی پاکستانی قوم خصوصاً نادار افراد کی خدمت اور تعاون کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔‘ 
 

شیئر: