Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ آٹھویں مرتبہ انڈیا کے نام، سری لنکا کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا

جسپریت بمراہ نے فائنل کے پہلے اوور میں وکٹ لی جس کے بعد سری لنکا کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
سری لنکا نے انڈیا کو 50 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 6.1 اوورز میں کسی نقصان کے بغیر حاصل کر لیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے بہتر ثابت نہ ہوا۔ سری لنکا کی بیٹنگ لائن بری طرح فیل ہو گئی، اور پوری ٹیم 15.2 اوورز میں صرف 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
فائنل میں فاسٹ بولر محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں چار وکٹیں حاصل کیں۔
اُن کے آگے سری لنکن ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ محمد سراج نے اپنے ابتدائی بولنگ سپیل میں صرف 16 گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سراج نے اننگز میں چھ شکار کیے۔

محمد سراج ون ڈے کرکٹ میں ایک اننگز میں تیز ترین پانچ کھلاڑی آؤٹ کرنے والے دوسرے بولر بن گئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اگر سری لنکن اننگز کی بات کی جائے تو انڈیا کو میچ میں پہلی کامیابی پہلے اوور کی تیسری گیند پر ملی جب کوشل پریرا بغیر کوئی رن بنائے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ایل راہُل کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد تیسرے اوور کی پہلی گیند پر پاتھم نشانکا، تیسری گیند پر سدیرا سمارا وکاراما، چوتھی گیند پر چاریتھ اسالنکا اور چھٹی گیند پر دھننجایا ڈی سلوا آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر کپتان داسن شناکا محمد سراج کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
سری لنکا کو ساتواں نقصان 11ویں اوور کی دوسری گیند پر اٹھانا پڑا جب کوشل مینڈس 17 کے انفرادی سکور پر محمد سراج کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کے بعد دونتھ ویل لیلاگے ابھی آٹھ رنز ہی بنا پائے تھے کہ ہاردک پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پرامود مدُھوشن نے ابھی ایک ہی رن بنایا تھا کہ وہ بھی پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے آخری بیٹر متھیشا پتھیرانا تھے جو صفر پر پانڈیا کا شکار بن گئے۔
ایشیا کپ کے سپر فور میں مرحلے میں دونوں ٹیموں نے دو، دو میچوں میں کامیابی حاصل کی اور ایک، ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچوں کی تاریخ کی بات کی جائے تو اب تک انڈیا اور سری لنکا کی ٹیمیں آپس میں 167 ون ڈے میچز کھیل چکی ہیں جن میں 98 مرتبہ انڈیا جبکہ 57 مرتبہ جیت سری لنکا کے حصے میں آئی۔
خیال رہے اگر میچ ریزرو ڈے پر بھی بارش کی نذر ہوتا ہے تو ٹرافی دونوں ٹیموں میں مشترکہ طور پر تقسیم کی جائے گی۔
انڈیا کی پلیئنگ الیون
روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، کے ایل راہُل، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، محمد سراج، جسپریت بمراہ۔
سری لنکا کی پلیئنگ الیون
کوشل پریرا، پاتھم نشانکا، کوشل مینڈس، سدیرا سماراوکاراما، چاریتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سِلوا، داسن شناکا، دونتھ ویل لیلاگے، دُوشان ہیمنتھا، متھیشا پتھیرانا، پرامود مدُھوشن۔

شیئر: