Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو کو دیکھنے کےلیے سینکڑوں ایرانی شائقین تہران کی سڑکوں پر

اے ایف سی چیمپئنز لیگ میں سعودی کلب کا مقابلہ ایرانی ٹیم پرسیپولیس سے ہو گا (فوٹو: النصر کلب)
کرسٹیانو رونالڈو کے بخار نے تہران کو اس وقت اپنی لپیٹ میں لے لیا جب پرتگال کے سپر سٹار فٹبالر  اور ان کی النصر ٹیم پیر کو ایران کے دارالحکومت پہنچی۔
عرب نیوز کے مطابق اے ایف سی چیمپئنز لیگ کے افتتاحی میچ میں سعودی کلب کا مقابلہ منگل کو شہر کے آزادی سٹیڈیم میں ایرانی ٹیم پرسیپولیس سے ہو گا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں سینکڑوں شائقین کو تہران کے سپیناس پیلس ہوٹل کے باہر جمع ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فٹبال شائقین نے ٹیم بس کو اس ہوٹل کی جانب سفر کرتے ہوئے خوش آمدید کہا جہاں النصر کی ٹیم ٹھہری ہوئی ہے۔
ایکس (ٹویٹر) پر شیئر کی گئی تصاویر میں تہران کی ایک مرکزی شاہراہ پر رونالڈو اور ٹیم کا خیر مقدم کرنے والا بینر بھی دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے اس سال کے شروع میں سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کی تھی۔
کرسٹیانو رونالڈو ریاض جائنٹس سے دو سال کے لیے کھلیں گے۔اس کے بعد وہ رواں دہائی کے اختتام تک ایمبیسیڈر کا کردار نبھائیں کریں گے۔
فیفا ورلڈ کپ کے دوران جب رونالڈو کے سعودی عرب میں کلب فٹ بال کھیلنے کی افواہیں عروج پر تھیں، النصر کے کوچ روڈی گارشیا نے کھیل کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے ساتھ کام کرنے کے امکان پر اپنی مسرت کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’ کسی بھی کوچ کو کرسٹیانو جیسے عظیم سٹار کو تربیت دینے میں خوشی ہو گی‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ میرا ہمیشہ سے خیال ہے کہ بڑے کھلاڑیوں کو مینج کرنا سب سے آسان ہوتا ہے کیونکہ وہ بہت ذہین ہوتے ہیں‘۔
کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے جس کلب سے بھی کھیلنے جاتے ہیں کروڑوں شائقین اس طرف کا رخ کرتے ہیں۔
وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 500 ملین سے زیادہ فالوورز کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ مقبول شخص ہیں۔
اگر اُن کے فالوورز میں سے صرف 10 فیصد نے بھی اُن کے النصر میں کھیلنے میں دلچسپی لی تو سعودی پروفیشنل لیگ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی لیگ میں سے ایک ہو گی۔

شیئر: