Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس کا شیل کے ساتھ ماحول دوست ایندھن خریدنے کا معاہدہ

ایوی ایشن بائیو ایندھن دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ فیولنگ سسٹم سے فراہم ہو گا۔ فوٹو: گلف نیوز
متحدہ عرب امارات کی ائیرلائنز ایمریٹس نے شیل ایوی ایشن کے ساتھ تین لاکھ گیلن سے زیادہ حیاتیاتی ایندھن سسٹین ایبل ایوی ایشن فیول (ایس اے ایف) کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایمریٹس کی پریس ریلیز میں اس شراکت داری کے تحت ماحول دوست ایندھن کی ابتدائی ترسیل رواں برس کے آخر تک دبئی ایئرپورٹ سے شروع ہونے کی توقع ہے۔
ایمریٹس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایوی ایشن بائیو ایندھن دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ فیولنگ سسٹم سے فراہم کیا جائے گا جو پہلی مثال ہو گی۔
ایمریٹس نے بتایا ہے کہ یہ معاہدہ اس کی ائیرلائنز کی ماحولیاتی حکمت عملی کو واضح کرتا ہے جس میں کاربن کا اخراج کم کرنا شامل ہے۔
ایمریٹس ائیرلائنز کے صدر ٹم کلارک نے کہا ہے کہ ہمیں دبئی میں ایمریٹس کے لیے پہلی بار ماحول دوست ایندھن فراہم کرنے کے لیے شیل کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں یہ تعاون مزید  ترقی کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال ایوی ایشن بائیو ایندھن کی سپلائی انتہائی محدود ہے تاہم اس پر کام کرنے والی تنظیمیں قابل عمل حل تلاش کرنے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گی۔

ماحول دوست ایندھن کی ترسیل سال کے آخر تک شروع ہونے کی توقع ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

شیل کارپوریٹ ٹریول کے نائب صدر چو یونگ یی نے اس معاہدے کو ہوا بازی کی صنعت میں کاربن کا صفر اخراج حاصل کرنے کے سفر میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ متحدہ امارات اور خطے میں ہوابازی کی صنعت میں ماحولیاتی ایندھن پر مزید کارروائی کے لیے بہتر طور پر کام کر سکتا ہے۔
ایمریٹس ایندھن اور توانائی کی ٹیکنالوجیز میں مہارت رکھنے والی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے لیے سرگرم عمل ہے۔

شیئر: