Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے تاریخی علاقے کی ترقی کےلیے البلد ڈیولپمنٹ کمپنی قائم

تاریخی علاقے کو اقتصادی مرکز، ثقافتی اور تاریخی فرنٹ بنایا جائے گا ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی انویسٹمنٹ فنڈ نے ’البلد ڈیولپمنٹ کمپنی‘  قائم کی ہے جو  جدہ کے تاریخی علاقے ’البلد‘  کو جدید خطوط پر استوارکرے گی۔ 
اخبار 24 کے مطابق البلد ڈیولپمنٹ کمپنی کا قیام جدہ شہر کے تاریخی علاقے کو ڈیولپ کرنے کے لیے ولی عہد کی قیادت میں جاری کوششوں کا نتیجہ ہے۔ 
البلد ڈیولپمنٹ کمپنی جدہ کے تاریخی علاقے کو اقتصادی مرکز اور بین الاقوامی ثقافتی اور تاریخی فرنٹ بنائے گی۔ 
البلد ڈیولپمنٹ کمپنی جدہ کے تاریخی علاقے کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرے گی۔ البلد کی تاریخی عمارتوں کی اصلاح و مرمت اپنی نگرانی میں کرائے گی۔ 
 2.5 ملین مربع میٹر کے رقبے میں تفریحاتی، رہائشی و تجارتی منصوبے قائم کرے گی۔ ہوٹل بنائے گی۔ دفاتر قائم کرے گی۔ 
 البلد کا مجموعی تعمراتی رقبہ 3.7 ملین مربع میٹر ہوگا۔ یہاں تقریبا 9.300 رہائشی یونٹس ہوں گے۔ 1800 ہوٹل بنائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں  1.3 ملین مربع میٹر کا رقبہ تجارتی مراکز اور دفاتر کے لیے مختص ہوگا۔ 
البلد ڈیولپمنٹ کمپنی جدہ  کے تاریخی علاقے کا نیا بنیادی ڈھانچہ پرائیویٹ سیکٹر اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے تیار کرے گی۔ 
جدہ کے تاریخی علاقے کے منفرد انداز کو برقرار رکھا جائے گا۔ جدہ کا تاریخی علاقہ  یونیسکو کے بین الاقوامی ورثے کی فہرست میں شامل  ہے۔ 
البلد ڈیولپمنٹ کمپنی جدہ کے تاریخی علاقے کو دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے  پرکشش  بنانے کے لیے کام کرے گی۔ اس سے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ جدہ کے شہریوں کو کاروبار کے منفرد مواقع نصیب ہوں گے۔ 
البلد ڈیولپمنٹ کمپنی جدہ کے تاریخی علاقے کے ثقافتی اور تاریخی تشخص کو اجاگر کرے گی۔  
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 2021 میں جدہ کے تاریخی علاقے  کے احیا ئے نو کا منصوبہ شروع کیا تھا جسے جدہ تاریخیہ ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ بتایا گیا تھا۔  

شیئر: