Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی: جعلی شنگن ویزے پر سفر کرنے والی گرفتار 

عدالت نے خاتون کو دوہفتے قید اور ملک بدری کا حکم صادر کر دیا۔ (فوٹو: امارات الیوم)
دبئی ایئرپورٹ پر جعلی شنگن ویزے پر یورپ کا سفر کرنے والی ایک افریقی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ 
الامارات الیوم کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کے ایک اہلکار کو مسافر خاتون پر شبہ ہوا۔ اس نے محسوس کیا کہ خاتون دبئی سمیت مختلف ہوائی اڈوں سے ٹرانزٹ کرتے ہوئے یورپ جانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ 
ویزے کے بارے میں شک کی بنیاد پر جب جانچ کے لیے خاتون سے پوچھ گچھ کی گئی تو یقین ہو گیا کہ اس کا شک درست ثابت ہوا۔
اہلکار نے مسافر خاتون کا کیس متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا جہاں تفتیش پرمعلوم ہوا کہ  ویزا جعلی ہے۔ 
خاتون کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا جس نے اس پر انجانے شخص کے ساتھ مل کر جعلی ویزے کی فرد جرم عائد کر دی۔ 
مسافر خاتون نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس نے امارات کا ویزہ ایک خاتون کے ذریعے حاصل کیا تھا۔
ملزمہ کا مزید کہنا تھا کہ ’ایجنٹ خاتون کو پاسپورٹ اور تصاویر دی تھیں جس کے کچھ عرصے بعد اسے اس کا پاسپورٹ امارات ہی نہیں بلکہ شنگن ویزے کے ساتھ واپس کیا گیا اور اسے اس بات کا کوئی علم نہیں کہ ویزا جعلی ہے۔‘
خاتون نے  مقدمے کی سماعت کے دوران الزام کی صحت سے انکار کر دیا۔ 
عدالت نے تمام امور کو مدنظر رکھتے ہوئے مسافر خاتون کو دو ہفتے قید کی سزا سنائی اور اس کے ساتھ رحمدلی کا معاملہ کرتے ہوئے امارات سے بے دخل کرنے کا حکم دے دیا۔ 

شیئر: