’امارات توانائی منصوبوں میں ملائیشیا کی مدد کرے گا‘
دونوں ملکوں نے سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں معاہددوں پر دستخط کیے ہیں( فوٹو :وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے استحکام کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
امارات کے سرکاری خبررساں ادارے وام کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملائیشیا اور امارات کے درمیان تعاون کے مختلف پہلووں، دوستانہ تعلقات کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے حصول میں معاون طریقوں کا جائزہ لیا۔
علاوہ ازیں دونوں ملکوں کی پائیدار ترقی و خوشحالی کے حوالے سے ترجیحات پر بھی بات چیت کی گئی
قبل ازیں امارات کے صدر نے ابوظبی کے الشاطی محل میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا خیرمقدم کیا۔
فریقین نے امارات اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی سرمایہ کاری، تجارت، تجدد پذیر توانائی اور فوڈ سیکیورٹی جیسے اہم شعبوں میں تعاون اور مستقبل کے مواقع کا جائزہ لیا۔
اس موقع پرعلاقائی و بین الاقوامی حالات اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق ملائیشیا کی حکومت نے وزیراعظم انور ابراہیم کے دورہ امارات کے حوالے سے کہا ہے کہ ’امارات 2025 تک ملائیشیا کو دس گیگا واٹ کے قابل تجدید توانائی کے منصوبے قائم کرنے میں مدد کرے گا‘۔
دورے کے دوران دونوں ملکوں نے سرمایہ کاری اور تجارت کے متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔
ان معاہدوں میں ابوظبی کی فیوچر انرجی کمپنی کی جانب سے ملائیشیا میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں آٹھ ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا وعدہ شامل ہے۔
ملائیشین انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور امارات کی انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کونسل نے دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار اقتصادی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔