Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کا معاہدہ

توانائی کے مشترکہ منصوبوں کے لیے ضروری جائزے بھی مل کر کریں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اورانڈیا نے سپلائی چین، ماحول دوست گرین ہائیڈروجن اور بجلی کے نظام کو مربوط کرنے سے متعلق تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط  کیے ہیں۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور انڈین وزیر بجلی و تجدد پذیر توانائی راج کمار سنگھ نے اتوار کو ریاض میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ 
فریقین کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط  ’مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں موسمیاتی ویک 2023‘ کے موقع پر کیے گئے۔
 موسمیاتی ویک کا اہتمام سعودی عرب نے  اقوام متحدہ  کے تعاون سے دارالحکومت ریاض میں کیا ہے۔ 
مفاہمتی یادداشت کا مقصد تجدد پذیر توانائی اور مشترکہ  ماحول دوست گرین ہائیڈروجن منصوبوں ہنگامی حالات اور انتہائی مصروف اوقات میں بجلی کے تبادلے اور بجلی نظام کو مربوط کرنے  کے سلسلے میں تعاون کا جنرل فریم تیار کرنا ہے۔
علاوہ ازیں دونوں ملک مروجہ قوانین و ضوابط کے مطابق تجدد پذیر توانائی کے سیکٹر، ماحول دوست گرین ہائیڈروجن میں استعمال ہونے والے عناصر کی معتبر اور محفوظ  سپلائی لائن کے قیام میں تعاون کریں گے۔ 
سعودی عرب اور انڈیا  توانائی کے حوالے سے مختلف مشترکہ منصوبوں کے لیے ضروری جائزے بھی مل کر کریں گے۔ 

شیئر: