104 برس کی عمر میں سکائی ڈائیونگ کا ریکارڈ بنانے کے چند روز بعد ڈوروتھی چل بسیں
104 برس کی عمر میں سکائی ڈائیونگ کا ریکارڈ بنانے کے چند روز بعد ڈوروتھی چل بسیں
بدھ 11 اکتوبر 2023 12:11
یکم اکتوبر کو ڈوروتھی ہوفنر نے سکائی ڈائیونگ کی جو انہیں دنیا کی سب سے معمر سکائی ڈائیور کا ورلڈ ریکارڈ یافتہ بنا سکتا ہے۔ (فوٹو: ایوسی ایٹڈ پریس)
امریکہ سے تعلق رکھنے والی معمر خاتون نے 104 برس کی عمر میں سکائی ڈائیونگ کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا اور اس کے کچھ روز بعد ہی چل بسیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق امریکی شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والی ڈوروتھی ہافن نے یکم اکتوبر کو پیراشوٹ کے ذریعے 13 ہزار فٹ سے زائد بلندی سے چھلانگ لگا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ڈوروتھی ہوفنز کی قریبی دوست جو کونینٹ نے اے پی کو بتایا کہ پیر کی صبح ڈوروتھی شکاگو میں واقع سینیئر لیونگ کمیونٹی (بزرگ شہریوں کی رہائش گاہ) میں مردہ پائی گئی تھیں۔
جو کونینٹ کا کہنا ہے کہ ڈوروتھی ہوفنر اتوار کی رات کو سوئیں اور نیند میں ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔
ڈوروتھی ہافنر کو امید تھی کہ سکائی ڈائیونگ کرنے والی معمر ترین شخصیت ہونے پر ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جائے گا۔
جو کونینٹ نے اپنی دوست ڈوروتھی کے بارے بتایا کہ ’وہ ہار ماننے والی نہیں تھیں۔ وہ (زندگی میں) آگے بڑھتی گئیں۔ اُن میں شاندار طاقت تھی اور وہ ذہنی طور پر بہت مضبوط تھیں۔‘
’وہ ایسی نہیں تھیں کہ دوپہر کو قیلولہ کریں گی یا کسی عشائیے کی تقریب میں نہیں آئیں گی۔ وہ ہر جگہ جاتی تھیں۔ ہر جگہ موجود ہوتی تھیں۔‘
ڈوروتھی ہافنر ویسے تو واکر کے سہارے چلتی تھیں لیکن یکم اکتوبر کو انہوں نے اپنی زندگی میں دوسری مرتبہ سکائی ڈائیونگ کی اور اس پر وہ انتہائی خوش تھیں۔
پہلی مرتبہ انہوں نے ایک سو سال کی عمر میں سکائی ڈائیونگ کا تجربہ حاصل کیا تھا۔
اس مرتبہ انہوں نے ریاست الینوئے میں ایک انسٹرکٹر کی مدد سے یہ کامیابی حاصل کی تھی۔
سکائی ڈائیونگ کے بعد ڈوروتھی ہافنر انتہائی پرجوش تھیں اور انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عمر محض ایک عدد ہے۔‘
ٓاس سے قبل 2022 میں سویڈن کی 103 سالہ لینیا انغیارد لارزون نے سکائی ڈائیونگ کی تھی اور ان کا نام بطور معمر ترین شخص گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔
ڈوروتھی ہافنر کی اس کامیابی پر شکاگو کے سکائی ڈائیونگ کے ادارے نے کہا تھا کہ وہ ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سکائی ڈائیونگ کے وقت ڈوروتھی پُرسکون اور پُراعتماد تھیں اور مکمل ہونے پر انہوں نے آرام سے لینڈنگ کی۔ ڈائیونگ کا دورانیہ سات منٹ کا تھا۔
ڈوروتھی سے جب ان کے دوستوں نے پوچھا تھا کہ وہ سکائی ڈائیونگ کے بعد کیسا محسوس کر رہی ہیں تو انہوں نے جواب میں کہا تھا ’شاندار لیکن فضا میں زبردست محسوس ہو رہا تھا۔ خوشگوار تجربہ تھا اور حیران کن، اس سے زیادہ اچھا نہیں ہو سکتا تھا۔‘
دسمبر میں ڈوروتھی ہافنر کی 105ویں سالگرہ ہے لیکن وہ اس سے پہلے ہی چل بسیں۔
اس ایڈوینچر کے بعد ڈوروتھی نے ہاٹ ایئر بیلون میں سوار ہونے کے ارادے کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وہ پہلے کبھی بھی ہاٹ ایئر بیلون میں سوار نہیں ہوئی تھیں۔