Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی ولی عہد سے دوبارہ ملاقات اعزاز‘، سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا ٹویٹ

رونالڈو کے ٹویٹ کو سعودی فٹبال کلب کے آفیشل اکاونٹ پر ری ٹویٹ کیا گیا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی فٹبال کلب النصر کے پرتگالی سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے دوبارہ ملاقات کو اعزاز قراردیا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے ایکس اکاونٹ پر کہا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان سے دوبارہ ملاقات کرنا اعزاز کی بات ہے اور آج اس پینل کا حصہ بننا بھی اچھا ہے جس میں وہ ای سپورٹس کے مستقبل اور آئندہ برس سعودی عرب میں ہونے والے پہلے ای سپورٹس ورلڈ کپ کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔‘
ان کے اس ٹویٹ کو سعودی فٹبال کلب کے آفیشل ایکس اکاونٹ پر ری ٹویٹ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو آئندہ برس 2024 کے موسم گرما میں ریاض میں ای سپورٹس ورلڈ کپ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
اسے اپنی نوعیت کا سب سے بڑا عالمی ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جو گیمنگ اور ای سپورٹس کے شعبے کی سپورٹ کے ساتھ ای سپورٹس کے عالمی مرکز کے طور پر سعودی عرب کی پوزیشن کو مستحکم کرتا ہے۔
توقع ہے ای سپورٹس ورلڈ کپ کے آغاز سے سعودی عرب کی نیشنل گیمنگ اینڈ ای سپورٹس اسٹریٹجی کے مقاصد پورے ہوں گے۔
اس حکمت عملی کا مقصد 2030 تک مملکت کی مجموعی گھریلو پیداوار( جی ڈی پی) میں اس شعبے کی شراکت کو 50 ارب سعودی ریال سے زیادہ بڑھنا اور روز گار کے 39 ہزار سے زیادہ مواقع پیدا کرنا ہے۔

شیئر: