تبوک کے آسمان پر پرندوں کے جھنڈ، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
یہاں آنے والے سارس خوبصورت اور سفید رنگ کے ہوتے ہیں۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی عرب کے شمال مغربی شہر تبوک کے آسمان پر سارس کے جھنڈ کے دلکش مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی فوٹو گرافر متعب العمیری نے تبوک میں مختلف مناظر کیمرے میں قید کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں۔
متعب العمیری نے بتایا کہ ’یہ پرندے نقل مکانی کرکے ان دنوں تبوک پہنچے ہوئے ہیں۔‘
العمیری نے بتایا کہ انہوں نے ’نقل مکانی کرکے آنے والے پرندوں کے مناظر البدع اور المقنا علاقوں کے درمیان لیے ہیں۔‘
العمیری نے کہا کہ ’مجھے معلوم تھا کہ تبوک میں پرندے نقل مکانی کرکے آتے ہیں، لیکن آسمان پر ان کے جھنڈ پہلی مرتبہ جس انداز سے دیکھے وہ حیران کن تھے۔‘
’شروع میں ڈرون سے فوٹو گرافی کرنا چاہی مگر مجھے ایسا کرنے سے خوف محسوس ہوا۔ ان پرندوں کو کثیر تعداد میں دیکھ کر کیمرے کے ذریعے فوٹو گرافی کی۔‘
سعودی فوٹو گرافر نے کہا کہ ’پرندوں کے جھنڈ تبوک کے پہاڑوں، چٹانوں اور ریت کے تودوں کے اوپر پرواز کرتے ہوئے بہت اچھے لگ رہے تھے۔ میں نے ان کی تصاویر اور ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کی تو صارفین نے پسندیدگی کا اظہار کیا۔‘
العمیری نے بتایا کہ انہیں فوٹو گرافی کا جنون ہے اور وہ قدرتی مناظر میں ہونے والی تبدیلیوں اور پرندوں کی نقل مکانی کی فوٹو گرافی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں
متعب العمیری نے کہا کہ ’تبوک کا علاقہ نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی اہم راہداری ہے اس کا پورا ساحل سال بھر نقل مکانی کرکے آنے والے 300 قسم کے پرندوں سے آباد رہتا ہے یہاں 80 قسم کے مقامی پرندے بھی ہیں۔‘
العمیری کا کہنا ہے کہ ’یہاں آنے والے سارس خوبصورت اور سفید رنگ کے ہوتے ہیں۔ بعض لوگ اسے (لق لق ابیض کبیر) اور بعض لوگ (لق لق ابیض عظیم) کے نام سے پکارتے ہیں۔‘
سعودی فوٹو گرافر نے کہا کہ ’ان پرندوں کا قد لمبا ہوتا ہے۔ یہ بھاری حجم اور تقریبا ایک میٹر لمبا ہوتا ہے۔ ان کا رنگ سفید اور چمکدار ہوتا ہے۔ چونچ ، گردن اور پیر لمبے ہوتے ہیں جو اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں