کرغیزستان میں سعودی عرب سمیت کئی ملکوں کے شہریوں کو 60 روزہ قیام کے لیے ویزے سے استثنی
دفتر خارجہ کا کہنا ہے ’وزٹ ویزے کے قانون میں ترامیم کی گئی ہیں‘ (فائل فوٹو: ایکس اکاونٹ)
کرغیزستان نے سعودی شہریوں سمیت کئی ملکوں کے شہریوں کو 60 روزہ قیام کےلیے ویزے کی پابندی سے استثنی دیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق کرغیزستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’وزٹ ویزے کے قانون میں کئی ترامیم کی گئی ہیں‘۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے ’جن ملکوں کے شہریوں کو 60 روزہ قیام کے لیے ویزے سے استثنی دیا گیا انہیں مدت پوری ہونے پر کم از کم 60 دن کے لیے ملک چھوڑنا ہوگا اس کے بعد وہ دوبارہ مزید ساٹھ روز کے لیے ویزے کے بغیر کرغیزستان واپس آسکتے ہیں‘۔
دفتر خارجہ نے نے بیان میں کہا’ اگر 60 روزہ مدت پوری کرنے پر کرغیزستان نہیں چھوڑا تو ایسی صورت میں قیام غیرقانونی ہوجائے گا اور کرغیزستان سے روانگی کے وقت جرمانہ وصول کیا جائے گا‘۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’(run) ویزے پرعمل بند کردیا گیا ہے۔ اس میں غیرملکی سیاح کو ویزے کی میعاد ختم ہونے سے قبل کرغیزستان سے کسی بھی ملک جانے اور دوبارہ کسی وقفے کے بغیر واپس آنے کی سہولت تھی‘۔
دفتر خارجہ نے کہا ہے’ جو سیاح کرغیزستان میں اپنے قیام کا دورانیہ بڑھانا چاہتے ہوں انہیں اپنے قیام کی میعاد ختم ہونے سے قبل سیاحت،رہائش یا روزگار کے حوالے سے کسی ایک ویزے کی درخواست دینا ہوگی‘۔