Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب لیگ کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ 

فلسطینی عوام کی جدوجہد کی  تائید کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے (فوٹو ،ایکس اکاونٹ)
عرب لیگ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔ عالمی برادری سے فلسطینی عوام کے  خلاف اسرائیل کی جانب سے جاری وحشیانہ جنگ بند کرانے کے لیے فوری اقدام کو ناگزیر قرار دے دیا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘  کے مطابق عرب لیگ نے اعلان بلفور کی  106 ویں برسی کے موقع پر جمعرات کو بیان جاری کرکے کہا کہ غزہ سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس کی قرارداد پر فورا عمل درآمد کرایا جانا ضروری ہے۔ 
جنرل اسمبلی نے اسرائیل کے غیرقانونی حملوں، شہریوں کے تحفظ اور قانونی و انسانی عہد و پیمان کی پابندی پر اپنی قرارداد میں زور دیا تھا۔ 
عرب لیگ نے  توجہ دلائی کہ جب تک چار جون 1967 کی سرحدوں کے دائرے میں خودمختار فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت نہیں بنایا  جائے گا تب تک کسی بھی عنوان سے کی جانے والی کوشش خطے میں امن و استحکام کا باعث نہیں بنے گی۔ 
عرب لیگ نے فلسطینی عوام کی ثابت قدمی اور جدوجہد پر قدرو منزلت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرب اقوام و ممالک آزادی و خودمختاری کے حصول کے لیے جاری فلسطینی عوام کی جدوجہد اور ثابت قدمی کی  تائید و حمایت کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ 

شیئر: