گھر پر ڈائیلاسز کے لیے جدید ترین مشین کی سہولت
کمپنی نے صرف 60 مشینیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
ماہرامراض گردہ ڈاکٹر سمیر المعیلو نے کہا ہے کہ’سعودی عرب میں گھر پر ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کرنے والی نئی مشین متعارف کرائی گئی ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق ریاض میں ورلڈ ہیلتھ فورم کے موقع پر ایک سپیشلسٹ کمپنی نے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ گردوں کی صفائی کرنے والی مشین متعارف کرائی تھی۔
کمپنی نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ گردے کے جو مریض اپنی مجبوری کی وجہ سے گھروں سے نہیں نکل سکتے اور ڈائیلاسز کے لیے انہیں ہسپتال جانا مشکل ہوتا ہے ان کے لیے نئی مشین مثالی ثابت ہو گی۔
ڈاکٹر سمیر نے کہا کہ ’کمپنی کو مذکورہ مشین کی خریداری کے لیے 95 درخواستیں مل گئی ہیں تاہم کمپنی نے صرف 60 مشینیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔‘
المعیلو نے کہا کہ ’آرامکو کمپنی نے ہوم ڈائیلاسز سروس فراہم کرنے کے لیے سپیشلسٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ آرامکو کمپنی اپنے ان ملازمین کے لیے حاصل کرنا چاہتی ہے جو گردوں کے امراض میں مبتلا ہیں۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں