ریاض ترجمہ فورم جو بین الثقافتی تبادلے کو فروغ دیتا ہے
ریاض ترجمہ فورم جو بین الثقافتی تبادلے کو فروغ دیتا ہے
اتوار 5 نومبر 2023 5:49
فورم کا اختتام ترجمہ چیلنج کے فاتحین کو اعزاز دینے کی تقریب کے ساتھ ہوا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ٹرانسلیشن فورم 2023 کا تیسرا ایڈیشن سنیچر کو اختتام پذیر ہو گیا۔ اس کا موضوع بین الثقافتی تبادلے کو فروغ دینا تھا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دو روزہ فورم کنگ سعود یونیورسٹی میں ہوا جس میں ترجمے کے شعبے کے اہم موضوعات پر دس سیشنز ہوئے۔
اس فورم کے ذریعے ترجمے کے شعبے کی اہمیت، تہذیبوں اور ثقافتوں کو باہم مربوط کرنے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
فورم کے انعقاد کا مقصد ثقافتی مواد کے تبادلے، ترجمے کی اہمیت، اس کے تعمیری کردار کو اجاگر کرنا، ثقافتوں اور تہذیبوں کو جوڑنا ہے۔
پہلے دن ترجمے کے مسائل اور پروفیشنل تجربات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دوسرے دن ایک پینل سیشن میں دنیا کے ساتھ سعودی بیانیے کے اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مہمان مقررین نے ترجمے کے شعبے کے مختلف موضوعات پر اپنے تجربات شیئر کیے۔
معروف مقامی اور بین الاقوامی ترجمے کے اداروں کی ایک نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا۔
فورم کا اختتام ترجمہ چیلنج کے فاتحین کو اعزاز دینے کی تقریب کے ساتھ ہوا جس کا آغاز کمیشن نے اکتوبر میں کیا تھا۔
مترجمین اور بصری مواد تخلیق کرنے والوں نے مقابلے کے ایک حصے کے طور پر عربی نظموں کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا۔