السعودیہ کی پرواز میں بنگلہ دیشی خاتون کے ہاں ولادت
خاتون نے دوران پرواز طیارے کے عملے سے طبی مدد کی درخواست کی (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں تبوک سے جدہ آنے والی السعودیہ کی پرواز کے دوران ایک بنگلہ دیشی خاتون نے بچی کو جنم دیا ہے۔
العربیہ اور اخبار 24 کے مطابق خاتون نے دوران پرواز طیارے کے عملے سے طبی مدد کی درخواست کی۔
اس پرواز میں دو فٹبال ٹیمیں اور ان کے ہمراہ دو ڈاکٹر بھی سفر کررہے تھے۔ طیارے کے عملے نے مسافر ڈاکٹروں کی مدد سے فوری طور پر ہنگامی انتظامات کیے, بنگلہ دیشی خاتون نے نارمل طریقے سے بچے کو جنم دیا۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر میڈیکل سپورٹ ٹیم نے بنگلہ دیشی خاتون اور نومولود کو فوری طبی امداد فراہم کی۔اب وہ اچھی حالت میں ہیں۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور سے رپورٹ ملی تھی کہ تبوک سے آنے والی السعودیہ کی پرواز میں ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا ہے۔
رپورٹ ملنے پر آپریشنز ڈیپارٹمنٹ نے ایئرپورٹ کی میڈیکل اور ایمبولینس کو طلب کیا۔ خاتون اور نومولود کو تمام ضروری ہنگامی خدمات فراہم کیں۔
میڈیکل ٹیم نے ماں اور نومولود کی حالت مستحکم ہونے کو یقینی بنایا اور پھر انہیں ایمبولینس کے ذریعے کنگ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔