امیرہ نورہ یونیورسٹی نے ’اسلامی تاریخ میں خواتین‘ کے موضوع پر خصوصی نمائش کا اہتمام کیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مذکورہ نمائش اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) جنرل سیکریٹریٹ کے زیر اہتمام سعودی عرب کی میزبانی میں ہورہی ہے۔ نمائش کا اہتمام اسلام میں خواتین پر بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر کیا گیا ہے۔

نمائش کی نگران اعلی ڈاکٹر ابتسام العثمان نے کہا کہ ’مسلم خواتین کی کامیابیوں اور ترقی کے عمل میں ان کی شراکت اور کردار کو نمائش میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں خواتین کے حقوق میں کمی پیدا کرنے والے مغالطہ آمیز دعوؤں اور شبہات کے جواب بھی نمائش میں پیش کیے جارہے ہیں‘۔
ڈاکٹر ابتسام نے کہا کہ ’نمائش کا بنیادی مقصد اور فلسفہ اس سچائی کو سامنے لانا ہے کہ خواتین کی حیثیت کو مستحکم بنانے میں اسلامی احکام کا کردار کلیدی ہے‘۔
